1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی پی ایل بھارت میں ہی کھیلا جائے گا: للت مودی

24 فروری 2010

غیر ملکی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کی طرف سے سیکیورٹی تحفظات ظاہر کرنے کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ IPL کے کمشنر للت مودی نے کہا ہے کہ IPL کے مقابلے بھارت سے باہر منتقل نہیں کئے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/M9bM
تصویر: AP

انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے IPL کے تیسرے ایڈیشن کے دوران ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر اپنے تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ ECB کے سیکیورٹی ایڈوائزر Reg Dickason کی زیر سرپرستی ابھی حال ہی میں سیکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں ایک رپورٹ ترتیب دی گئی ہے ، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ تاہم للت مودی نے اس ٹورنامنٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کے امکان کو رد کر دیا ہے۔ مودی نے کہا: '' ہم اس ٹورنامنٹ کا انعقاد بھارت میں ہی کریں گے۔ مجھے اس میں کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ اس وقت ہم یہ ٹورنامنٹ کسی اور جگہ منتقل کریں۔‘‘

انڈین پریمئر لیگ کی انتظامیہ کی طرف سے سلامتی کی صورتحال کی ضمانت دینے کے باوجود ابھی تک آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے IPL میں اپنی شرکت کے بارے میں کوئی حتمی جواب نہیں دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ رپورٹ میں ظاہر کئے گئے تحفظات کو دور کئے بغیر وہ کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

Australien Cricket Meisterschaft Neuseeland
آسٹریلین کھلاڑیوں نے آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے حتمی جواب نہیں دیاتصویر: AP

للت مودی نے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا:'' دنیا میں کوئی بھی، کسی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے بارے میں حتمی دعویٰ نہیں کرسکتا۔ ہم صرف یہ کر سکتے ہیں کہ سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔‘‘

للت مودی نے خبردار کیا ہے کہ کسی ایک یا دو غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت نہ کرنے کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں کوئی آسمان نہیں گر پڑے گا۔ للت مودی نے مزید کہا کہ یہ ایک بھارتی ٹورنامنٹ ہے، جس میں زیادہ تر کھلاڑی بھارتی ہیں اور غیر ملکی کم ۔

للت مودی نے کہا: '' یہ ایک کامیاب ٹورنامنٹ ہے۔ ہماری ایک ساکھ ہے اور ہمارے پاس دنیا کےبہترین دو سو کھلاڑی موجود ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا انحصار صرف غیر ملکی کھلاڑیوں پر ہی نہیں ہے، گو کہ وہ بھی اس کا حصہ ہیں۔‘‘ تاہم للت مودی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید