یو ایس اوپن ٹینس اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔
3 ستمبر 2008 نیویارک میں کھیلے جانے والے اس گرینڈ سلیم ایونٹ کے خواتین کے انفرادی مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں دوسرے نمبر کی سرب کھلاڑی یلینا یانکووچ نے آسٹریا کی سبلی بیمز کو چھ ایک اور چھ چار سےباآسانی شکست دے کر آخری چار کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنالی۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں پانچویں نمبر کی روس کی ایلینا ڈیمینٹیوا نے سوئٹزرلینڈ کی پیٹی شنائیڈر کے خلاف چھ دو اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی ۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کےکوارٹر فائنل تک رسائی کے لئے عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کو روس کے ایگور آندریف کے خلاف سخت جدوجہد کرنا پڑی ۔ فیڈرر نےاس روسی کھلاڑی کو چھ سات ، سات چھ ، چھ تین ،تین چھ اور چھ تین سے زیر کیا ۔
کوارٹر فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ لکسمبرگ کے گیل مولر سے ہوگا ۔ مولرنے چوتھے راؤنڈ میں فورتھ سیڈ روس کے نکولائی ڈیویڈنکو کوچھ چار،چار چھ ، چھ تین اور سات چھ سے اپ سیٹ شکست دی ۔ تھرڈ سیڈ سربیا کے نوواک ڈوکووچ کوبھی کوارٹر فائنل تک رسائی کے لئے سخت محنت کرنا پڑی ۔
ڈوکووچ نے اسپین کے ٹومی روبریڈو کے خلاف چار چھ ، چھ دو ، چھ تین ، پانچ سات اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی ۔اس ٹورنامنٹ کے آٹھویں نمبر کے امریکی کھلاڑی اینڈی راڈک چلی کے فیرنانڈو گونزالیس کو چھ دو ، چھ چار اور چھ ایک سے ہراکر کوارٹر فائنل میں پہنچے ۔