یونانی حکومت مہاجر کیمپوں میں رہائش بہتر بنائے گی
18 اگست 2016یونان کے ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رش کے باعث بڑھتے ہوئے مسائل کو کم کیا جا سکے اور رہائشی حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔ یونان کے پانچ جزائر پر دس ہزار سات سو سے زائد مہاجرین کو رکھا جا رہا ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان جزائر پر صرف سات ہزار چار سو پچاس افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔ خیراتی ادارے ’سیو دی چلڈرن‘ کے مطابق،’’یہ پناہ گزین غیر صحت بخش اور غیر محفوظ حالات میں رہ رہے ہیں، جن کا اختتام ہوتا نظر نہیں آتا۔‘‘ یونانی حکومت اب ایک ساتھ کئی نئی عمارتیں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جزائر اور دیگر عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر مہاجرین کو ان نئی عمارتوں میں منتقل کیا جائے گا اور ہرعمارت میں ایک ہزار افراد کی گنجائش ہو گی۔
سرکاری اہلکار کے مطابق سیاسی پناہ کی درخواستوں پر سست روی سے عمل در آمد بھی کیمپوں میں سکونت پذیر مہاجرین میں مایوسی کے بڑھنے کا سبب ہے۔ انہوں نے مزید کہا،’’ہمیں جزائر پر قائم مہاجر کیمپوں میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔ یہ پناہ گزین یورپ پہنچنے کے اپنے خواب کی تعبیر کے بہت قریب پہنچ چکے تھے لیکن انہیں یہ تعبیر مل نہ سکی۔‘‘ یونانی سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ پناہ کی درخواستوں پر عمل درآمد تیز تر کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ تارکین وطن کو فراہم کی جانے والی نئی رہائشی سہولیات زیادہ بہتر ہوں گی۔