یورپ کے عجیب و غریب اور حیرت انگیز تہوار
یورپ میں کئی ایسے میلے اور تہورا منائے جاتے ہیں، جنہیں انتہائی منفرد قرار دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر جرمنی میں اپریل کے مہینے میں والپرگس نائٹ ( Walpurgis Night) عجیب و غریب اور حیرت انگیز تہواروں میں سے ایک ہے۔
’لا ٹوماٹینا‘ اسپین
اس تہوار پر ٹنوں کے حساب سے ٹماٹر ایک دوسرے پر پھینکے جاتے ہیں۔ جنوبی اسپین میں منائے جانے والے اس تہوار میں شرکت کے لیے خاص طور پر دنیا بھر سے نوجوان بونیئول پہنچتے ہیں۔ اس سال یہ تہوار اکتیس اگست کو منایا جائے گا۔
جرمنی: والپرگس نائٹ
والپرگس نائٹ ( Walpurgis Night) تیس اپریل کو جرمنی کے علاقے ’ہارز‘ میں منایا جاتا ہے۔ اس میں چڑیلوں کا روپ دھارے بہت سی خواتین جمع ہوتی ہیں اور یہ آگ جلا کر شیطان کے ساتھ جشن مناتی ہیں۔ یہ تہوار ہارز کے پہاڑوں میں سترہویں صدی سے منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں لوگ خاص طور پر’چڑیلوں کا ڈانس فلور‘ دیکھنے کے لیے ہارز پہنچتے ہیں۔
ایئر گٹار کا عالمی مقابلہ
فن لینڈ 1996ء سے ہر سال ہوائی گٹار کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی کرتا ہے۔ اس مقابلے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ موسیقی میں مدہوش ہونے کے لیے آپ کو اصل گٹار کی ضرورت نہیں۔ اس میں شرکت کرنے والے ہر شخص کے پاس جیوری کو متاثر کرنے کے لیے ایک منٹ ہوتا ہے۔ اس میں انگلیوں اور جسم کی حرکت کو دیکھتے ہوئے جیتنے والے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی فنکار کے لباس کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
لیموں زندہ باد
فرانس میں ہر سال اگست میں اسی نعرے کے ساتھ لیموؤں کا میلہ منایا جاتا ہے۔ اس دوران سو ٹن سے زیادہ لیموؤں کو استعمال کرتے ہوئے مختلف قسم کے مجسمے بنائے جاتے ہیں اور فلوٹس کو سجایا جاتا ہے۔ یہ میلہ 1929ء سے منایا جاتا ہے، جب فرانس کے مینٹن نامی علاقے میں لیموؤں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی تھی۔
چیز رولنگ
انگلینڈ کے اس روایتی کھیل میں پنیر کے ایک پہیے کو ایک ڈھلوان سے دھکا دیا جاتا ہے اور مقابلے میں شامل افراد کو اس کا پیچھا کرنا ہوتا ہے۔ عام طور پر پہیے کی رفتار سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے اور کوئی بھی اسے پکڑ نہیں پاتا۔ ایسی صورت میں پنیر کے پہیے کے بعد فنش لائن پار کرنے والا پہلا شخص فاتح قرار پاتا ہے۔ یہ کھیل انگلینڈ کے علاقے گلاسٹر شٹائن کی پہچان ہے۔
اسکاٹ لینڈ: ہائی گیمز
اس کھیل میں درختوں کے بھاری تنے اٹھانے اور بھاری پتھر پھینکنے کے مقابلے کرائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ خاص قسم کے موسیقی کے آلے بیگ پائپ پر دھنیں بجائی جاتی ہیں۔ اس دوران مرد اسکاٹ لینڈ کا روایتی لباس پہنتے ہیں۔ اب وقت کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں ہائی گیمز منعقد ہوتے ہیں۔ تاہم سب سے مشہور مقابلے کا اہتمام ستمبر کے پہلے ہفتے کو اسکاٹ لینڈ کے بریمر نامی گاؤں میں کیا جاتا ہے۔
لا مرسی فیسٹیول
اسپین اپنے منفرد تہواروں کے وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ بارسلونا شہر میں ہر سال ستمبر میں کاتالونیا خطے کا سب سے بڑا اسٹریٹ فیسٹیول منایا جانا ہے۔ اس میں انسانی مینار بنانے کا دلچسپ مقابلہ بھی منعقد ہوتا ہے۔ اس دوران ایک ہی رنگ کے لباس میں ملبوس کرتب باز ایک دوسرے کے کندھوں پر سوار ہو کر انسانی مینار بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ تہوار اٹھارہویں صدی سے منایا جاتا ہے۔
ہینڈ بیگ پھینکنا
جرمنی میں ہینڈ بیگ تھروئنگ فیسٹیول بوٹروپ نامی شہر میں منایا جاتا ہے۔ نام کی طرح اس تہوار کا مخفف ’ HTWWWM ‘ بھی پیچیدہ سا دکھائی دیتا ہے۔ انگریزی میں اس کے معنی بنتے ہیں ’’handbag long distance thowing world championship‘‘۔ اس مقابلے میں فاتح وہ قرار پاتا ہے، جس کا بیگ نہ صرف دور جائے بلکہ اسے پھینکنے کا طریقہ بھی منفرد ہو۔ اس دوران چہرے کے تاثرات اور میک اپ کے علاوہ جوتے یا چپل بھی اہم ہوتے ہیں۔
نارنگی یا سنگتروں کی جنگ
یہ جنگ ہر سال فروری میں شمالی اطالوی شہر ایوریا میں چھڑتی ہے۔ اس تہوار کا تعلق قرون وسطٰی کے دوران اٹھنے والی ایک انقلابی تحریک سے ہے۔ اس دوران مختلف فلوٹس پر موجود ٹیمیں راستے میں کھڑے مداحوں پر سنگترے پھینکتی ہیں۔ سیاح بھی اس میں حصہ لے سکتے ہیں تاہم یہ کمزور لوگوں کے لیے نہیں ہے۔ ان تین دنوں کے دوران متعدد افراد زخمی بھی ہوتے ہیں اور زیادہ تر افراد کی ناک زخمی ہوتی ہے۔
اٹلی: پرتشدد فٹ بال
ہر سال اطالوی شہر فلورینس کا علاقہ سانتا گروس ایک جنگی میدان میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ کالسیو استوریکو یا قدیمی فٹ بال کا مطلب ہے کہ اس میں بال کو گول میں پہنچانے کے لیے ہر طریقہ آزمایا جا سکتا ہے۔ تاہم سر پر لات مارنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ پچاس منٹ طویل ایک میچ کا انجام زیادہ تر کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی صورت میں نکلتا ہے۔ رواں برس اس سلسلے میں فائنل مقابلہ چوبیس جون کو منقعد ہو گا۔