1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہڈی ٹوٹنے کی پیش گوئی، چہرے کی جھریوں کے ذریعے

7 جون 2011

امریکہ میں جاری کیے گئے ایک تازہ تحقیق کے نتائج کے مطابق کسی خاتون کے چہرے کی جھریوں سے ممکنہ طور پر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے جسم کی کسی ہڈی کے ٹوٹنے کا امکان کتنا زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/11Vir
تصویر: AP

واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کسی خاتون کے جسم کی کسی ہڈی کے ٹوٹنے کا درست اندازہ لگانا اس طرح ممکن ہو سکتا ہےکہ انسانی جلد اور ہڈیوں میں پائی جانے والی پروٹین کی اقسام اور سطح کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ اگر کسی خاتون کے چہرے یا گردن پر بہت زیادہ جھریاں موجود ہوں تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اس کی ہڈیوں میں پائی جانے والی پروٹین کی کمی کے باعث ان ہڈیوں کے ٹوٹنے کا خطرہ کافی زیادہ ہے۔امریکہ کی Yale یونیورسٹی کے ماہرین کی اس نئی ریسرچ کے نتائج پیر کو جاری کیے گئے۔

اس تحقیقی مطالعے کے دوران ماہرین نے 114 ایسی خواتین کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، جن میں ماہواری کے خاتمے کو زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا۔ اس تحقیق کے دوران پہلے سے جاری ایک میڈیکل ریسرچ پروجیکٹ کے تحت جن خواتین سے متعلق اعداد و شمار کا مطالعہ کیا گیا، ان کا تعلق امریکہ کے مختلف شہروں سے تھا۔ یہ خواتین ایسی تھیں جن میں menopause کو ابھی تین سال سے زائد کا عرصہ نہیں ہوا تھا۔

Flash-Galerie Berlusconis Skandale Veronica Lario
چہرے اور گردن پر بہت زیادہ جھریوں والی خواتین میں یہ دیکھا گیا کہ ان کی ہڈیاں زیادہ مضبوط نہیں تھیںتصویر: AP

اس ریسرچ کے دوران ایسی خواتین کے چہروں اور گردن پر 11 مختلف مقامات پر جھریوں کا مطالعہ کیا گیا۔ اس کے لیے ان جھریوں کا ظاہری طور پر بھی مشاہدہ کیا گیا اور اس مشین کے ذریعے بھی جسے durometer کہا جاتا ہے۔ یوں یہ پتہ چلایا گیا کہ ان خواتین کے چہروں اور گردن پر ان کی جلد کتنی سخت اور جھریوں والی ہو چکی تھی۔ پھر انہی خواتین کے جسموں میں ان کی ہڈیوں کے مضبوط اور صحت مند ہونے کا بھی الٹراساؤنڈ اور ایکسرے کے ذریعے مشاہدہ کیا گیا۔Yale یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کے زچہ بچہ کے شعبے کی ایسوسی ایٹ پروفیسر لبنیٰ پال کے مطابق اس ریسرچ سے انہیں اور ان کے ساتھی ماہرین کو یہ پتہ چلا کہ زیر مطالعہ خواتین میں چہرے اور گردن کی جھریوں کا ان کی ہڈیوں کی مضبوطی سے گہرا تعلق ہے۔ یعنی جیسے جیسے کسی خاتون کے چہرے اور گردن پر جھریاں زیادہ اور گہری ہوتی جائیں گی، اتنی ہی اس خاتون کی ہڈیوں کی مضبوطی بھی کم ہوتی جائے گی۔

لبنیٰ پال کے بقول چہرے اور گردن پر بہت زیادہ جھریوں والی خواتین میں یہ دیکھا گیا کہ ان کی ہڈیاں زیادہ مضبوط نہیں تھیں اور اس بات کا اس حقیقت سے کوئی تعلق نہ نکلا کہ ان خواتین کی عمر کتنی تھی۔ لیکن ایسی تمام خواتین میں طبی حوالے سے ماہواری کا عمل بند ہو چکا تھا۔ امریکی شہر بوسٹن میں اینڈوکرائن سوسائٹی کی طرف سے جاری کیے گئے اس ریسرچ کے نتائج کے مطابق بظاہر یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ جتنی کسی خاتون کے چہرے اور گردن پر جھریاں کم ہوں گی، اتنی ہی اس کی ہڈیاں اور ان ہڈیوں کے ڈھانچے زیادہ مضبوط ہوں گے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت:کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید