1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری کے طلبہ کی بس کو اٹلی میں حادثہ، 16 ہلاک

21 جنوری 2017

اٹلی کے شمالی حصے میں پیش آنے والے ایک بس حادثے میں کم از کم 16 مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہنگری کے طلبہ کو لے جانے والی اس بس کو پیش آنے والے حادثے میں 39 دیگر زخمی بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2WAbe
Busunfall in Italien
تصویر: picture-alliance/dpa/Feuerwehr Italien

اٹلی کے شمالی شہر ویرونا کے قریب گزشتہ شب یہ حادثہ ایک موٹر وے پر پیش آیا جب مذکورہ بس سڑک کے کنارے پر رکھی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔ اطالوی نیوز ایجنسی Agi کے مطابق فرانسیسی بس ڈرائیور بھی اپنے خاندان سمیت اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس بس کے مسافروں کی زیادہ تر تعداد ہنگری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تھی اور جن کی عمریں 16 سے 18 برس کے درمیان تھیں۔ یہ بوڈاپیسٹ کے ایک ہائی اسکول کے طلبہ تھے جو اٹلی کا سیاحتی دورہ مکمل کرنے کے بعد فرانس سے گزر کر بوڈاپیسٹ جا رہے تھے۔

Busunfall in Italien
بس سڑک کے کنارے پر رکھی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/Feuerwehr Italien

ہنگری کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان تاماس مینزر کے مطابق ’’صورتحال انتہائی خوفناک‘‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بس پر قریب 60 مسافر سوار تھے اور یہ ویرونا نامی شہر کے قریب A4 موٹر وے پر نصف شب کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو ویرونا کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطالوی پولیس کے مطابق نصف شب کو پیش آنے والے اس حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم فوری طور پر اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔