1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیارہ ستمبر کے حملے: سوگواری تقریبات اختتام کو پہنچ گئیں

12 ستمبر 2011

گیارہ ستمبر کے حملوں کے دس برس مکمل ہونے پر یادگاری تقریبات اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔ اس موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی نہیں ٹوٹے گا اور یہ گیارہ ستمبر کے حملوں کے دس برس گزرنے پر ثابت ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12X8x

نیویارک، واشنگٹن اور پنسیلوانیا میں سوگواری تقریبات کے اختتام پر باراک اوباما نے کہا کہ امریکہ متحد رہے تو اختلافات، جنگوں اور اقتصادی بحران کے باوجود کچھ ایسا نہیں جو امریکی حوصلے کو توڑ دے۔

جان ایف کینیڈی سینٹر برائے پرفارمنگ آرٹس میں اتوار کی شام منعقدہ ایک یادگاری تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دس برس قبل دنیا کے بدترین دہشت گردانہ حملے پر ان کی قوم کے ردعمل نے دکھا دیا کہ اس کے آئیڈیلز دائمی ہیں اور پھر سے اٹھ کھڑے ہونے کی اس کی طاقت پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔

اوباما نے کہا کہ آئندہ کئی نسلیں گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے حملوں اور اس کے بعد افغانستان اور عراق کی جنگوں میں ہلاک ہونے والوں کی یادگاروں پر آئیں گی۔

انہوں نے مزید کہا: ’’انہیں پتہ چلے گا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے حوصلے کو کوئی چیز نہیں توڑ سکتی۔ وہ یاد کریں گے کہ ہم نے غلامی اور خانہ جنگی پر فتح پائی۔ ہم نے فسطائيت، اقتصادی بحران، ہنگامہ آرائیوں، کمیونزم  اور ہاں دہشت گردی پر بھی فتح پائی ہے۔‘‘

اوباما کا کہنا تھا: ’’انہیں یاد دلایا جائے گا کہ ہم غلطی سے آری تو نہیں، لیکن ہماری جمہوریت پائیدار ہے اور یہی جمہوریت ہمیں اپنے اتحاد کو بھرپور بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘‘

باراک اوباما نے اتحاد پر زور دیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی قوم کی عظیم کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا۔

امریکہ پر گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں کے دس برس اتوار کو مکمل ہوئے۔ اس حوالے سے دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مقامات پر مرکزی یادگاری تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر دہشت گردی کی مزید کارروائیوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا، جن کے تناظر میں بالخصوص واشنگٹن اور نیویارک میں سکیورٹی مزید سخت کی گئی۔ چیک پوائنٹس، انڈر گراؤنڈ ٹرانسپورٹ سسٹم اور ہوائی اڈوں پر تعینات پولیس کی نفری میں ہفتہ کی شب سے ہی اضافہ کر دیا گیا تھا۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان