1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوریلا کی نقل کیوں اتاری؟ جادوگر پر پابندی

عاطف توقیر17 اگست 2015

نیوزی لینڈ کے ایک چڑیا گھر نے اپنے ہاں ایک ایسے شخص کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے، جو جنگلی حیات کے اس پارک میں شور مچاتا اور اپنا سینا پیٹ پیٹ کر بندروں کی نقل اتارتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1GGb4
تصویر: picture-alliance/dpa

نیوزی لینڈ کے اورانا وائلڈ لائف پارک کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ چڑیا گھر میں اس شخص کے داخل ہو کر بندروں کی نقل اتارنے والی حرکتوں سے وہاں کے گوریلا سخت تنگ تھے۔

جنگلی حیات کے اس پارک کی ویب سائٹ پر پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ’اینڈریو رائٹ، جو خود کو جادوگر اور توانائی کے ذریعے علاج کرنے والا بتاتا ہے، پارک میں داخل ہو کر بندروں اور گوریلا کی طرح اپنے سینے پر زور زور سے ہاتھ مارتا تھا اور شور مچاتا تھا، اس پر چڑیا گھر کی انتظامیہ کو گزشتہ ہفتے وائٹ پر پابندی عائد کرنا پڑی۔‘

BdT Deutschland Gorilla Fatou
گوریلا سینے پر ہاتھ مار کراپنے غصے کا اظہار کرتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/P. Zinken

انتظامیہ کے مطابق رائٹ کی ان حرکتوں کی وجہ سے گوریلا انتہائی مشتعل ہو گیا تھا۔

اس چڑیا گھر کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق، ’حقیقت یہ ہے کہ ہمارے بگ بوائے نے، جو 190 کلوگرام وزنی ہے، شیشے کے پنجرے کو زور زور سے کندھے مار کر توڑنے کی کوشش کی۔ اس نے اس سے قبل ایسا کبھی کیا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا، ’رائٹ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ معمولی نہیں تھا۔ اس چڑیا گھر میں تنہائی پسند، گھوڑوں کو تربیت دینے والے اور ہر طرح کے لوگ آتے ہیں، ہم سب کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں۔ مگر جب کوئی حد عبور کر جائے اور جانوروں کو تنگ کرنے لگے تو ہمیں ایسی حرکتیں روکنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑتا ہے۔‘

اورانا پارک میں تین گوریلا ہیں، جن کے نام فتاکی، فوزُو اور ماہالی ہیں۔ نیوزی لینڈ میں یہی تین گوریلا ہیں اور انہیں صرف دو ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ لایا گیا ہے۔

دوسری جانب پابندی کے شکار رائٹ نے کہا ہے کہ ان پر پابندی درست نہیں اور گوریلا نے ان کی حرکتوں کا مثبت جواب دیا تھا۔