1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوہل کی آخری رسومات، تقریب سے میرکل خطاب کیوں نہیں کریں گی؟

30 جون 2017

سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل کی آخری رسومات سے ایک مرتبہ پھر پرانے زخم تازہ ہو جائیں گے۔ ایسا لگتا ہے کہ کوہل کی سیاسی وراثت کا احترام کرنے والوں کے مقابلے میں ان کے انتقال پر صدمے سے دوچار افرادکی تعداد بہت زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/2fisP
Deutschland Trauer um Altkanzler Helmut Kohl - Merkel Kondolenzbuch
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Gambarini

میرکل ’’ کوہل کی لڑکی‘‘

یکم جولائی کو جرمنی کے سابق چانسلر ہیلموٹ کوہل  کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔ موجودہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو ’کوہلز میڈشن‘ یعنی ہلموٹ کوہل کی لڑکی کہا جاتا تھا۔ اسی وجہ سے ان دونوں کے مابین ایک غیر معمولی اور پیچدہ رشتہ بھی قائم تھا۔ جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل کے مطابق میرکل کوہل کی یاد میں منقعد کی جانے والی اس تقریب سے خطاب نہیں کریں گی۔

کوہل کی جانب سے 2002ء میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد ان دونوں کے روابط سرد مہری کا شکار ہو گئے تھے۔ کوہل کو کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کے فنڈ میں خرد برد کے اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس تناظر میں میرکل  نے کہا تھا کہ ان واقعات کی وجہ سے ان کی جماعت ’سی ڈی یو‘ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ اس بیان کے بعد کوہل کے دور کا ایک طرح سے خاتمہ ہو گیا تھا۔ اس کے کچھ دنوں کے بعد میرکل پارٹی کی سربراہ بنیں اور پھر وہ جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر عہدے پر فائز ہوئیں۔

میرکل نے 2010ء میں کوہل کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ان سے ملاقات کی تھی اور ان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا تھا۔ کوہل کی بیوہ کے مطابق انہوں نے اپنی آخری رسومات کے موقع پر میرکل کی جانب سے خطاب کرنے کی تجویز کو کئی مرتبہ رد کر دیا تھا۔

Deutsch-polnischer Nachbarschaftsvertrag
تصویر: picture-alliance/Ulrich Baumgarten

مائیکے کوہل رشٹر

ہیلموٹ کوہل نے اپنی پہلی بیوی ہانیلورے کے انتقال کے چند برسوں بعد یعنی 2008ء میں مائیکے کوہل رشٹر سے شادی کر لی تھی۔ اس موقع پر چند قریبی احباب اور کوہل کے کچھ صحافی دوست اس تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ مائیکے کوہل سے عمر میں 34 برس چھوٹی ہیں اور اپنی حکومت کے آخری برسوں میں کوہل کی چانسلر دفتر میں ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ چند برسوں قبل ایک حادثے کے بعد کوہل وہیل چیئر استعمال کرنے لگے تھے اور  لوگوں سے بہت کم ہی ملتے تھے۔ اس کے بعد مائیکے ہی کوہل کے معاملات سنبھالتی تھیں۔

انگیلا میرکل اگر چاہیں تو وہ بطور سربراہ حکومت کوہل کی آخری رسومات کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کر سکتی ہیں۔ اس تقریب  میں یورپی کمیشن کے سربراہ ژان کلود ینکر، فرانسیسی صدر ایمانوئیل ماکروں اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

کوہل کے لیے اعزاز

کوہل جرمنی کے پہلے ایسے چانسلر ہوں گے، جنہیں یورپی سطح پر ہونے والی ایک تقریب میں بھی خراج عقدت پیش کیا جائے گا۔ یہ اس وجہ سے بھی ایک منفرد تقریب ہو گی کہ اس میں کوہل کی ان خدمات کو سراہا جائے گا، جو انہوں نے یورپ کو متحد کرنے کے لیے کی ہیں۔ کوہل کو اُن کی اُن کوششوں پر بھی خراج تحسین پیش کیا جائے گا، جو انہوں نے جرمنی کے دوبارہ اتحاد، یورپ کے انضممام اور ایک یورپی کرنسی کے لیے کی ہیں۔