1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلنٹن کے خلاف ٹرمپ کے الفاظ، کلنٹن کی مقبولیت میں اضافہ

عابد حسین
21 اکتوبر 2016

امریکا میں صدارتی الیکشن اگلے مہینے کی آٹھ تاریخ کو ہوں گے۔ دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان تین ٹیلی وژن مباحثے ہو چکے ہیں۔ ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تینوں مباحثوں میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

https://p.dw.com/p/2RWcn
USA | 3. Präsidentschaftsdebatte 2016 in Las Vegas
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Patrick Semansky

انیس اکتوبر کو امریکی شہر لاس ویگاس میں نیواڈا یونیورسٹی کے ہال میں ہونے والے تیسرے اور آخری مباحثے میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف  ہیلری کلنٹن کو ’ناسٹی وومن‘ یعنی ناپسندیدہ و ناگوار عورت قرار دیا۔ ان الفاظ کے خلاف امریکا میں احتجاج کی لہر اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ مختلف ساسی مبصرین نے اِسے ایک نئی سونامی قرار دیا ہے۔ خواتین میں یہ الفاظ ٹرمپ کے لیے نہیں بلکہ کلنٹن کی مقبولیت کا باعث بن رہے ہیں۔

’ناسٹی وومن‘ کے الفاظ والی ٹی شرٹس آن لائن اور مختلف اسٹورز پر دھڑا دھڑ بک رہی ہیں۔ ان الفاظ نے ایک طرح سے سوشل میڈیا پر آگ لگا دی ہے اور خواتین ٹرمپ کی مذمت اور کلنٹن کی حمایت میں بڑھ چڑھ کے لکھ رہی ہیں۔ انیس اکتوبر کا مباحثہ عوامی آراء کی بنیاد پر کلنٹن نے جیت لیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صدارتی الیکشن کے تینوں مباحثے ایک ہی امیدوار نے جیتے ہیں۔

ایک آن لائن کمرشل ادارے ایٹسی (Etsy) نے ’ناسٹی وویمن‘ والی ٹی شرٹس کو سب سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا۔ ہیلری کلنٹن کی مہم میں شریک ہالی ووڈ کی اداکارہ لینا ڈرہم نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’ناسٹی وومن‘ کے الفاظ نے کلنٹن کی انتخابی مہم کو نئی قوت بخشی ہے۔ خواتین تلقین کر رہی ہیں کہ وہ انتخابات میں ’ناسٹی وومن‘ کو ووٹ ڈالیں۔

USA | 3. Präsidentschaftsdebatte 2016 in Las Vegas
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپتصویر: picture-alliance/AP Images/M. Ralston

امریکی ٹیلی وژن چینل سی این این نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ’ناسٹی وومن‘ کے الفاظ والا کلپ یوٹیوب پر جاری کیا ہے تو دیکھتے دیکھتے اِس کے ناظروں کی تعداد ستائیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ایک نیوز ویب سائٹ فوکس ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف امیدوار کی مہم کو تقویت دینے کے لیے سب سے اچھا اور اہم عمل ان الفاظ کو بیان کر کے کیا ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ کلنٹن کی انتخابی مہم کی ٹیم نے ’ناسٹی وومن‘ نام کی ایک ویب سائٹ کو فوری طور پر خرید لیا ہے اور اُسے کلنٹن کی مرکزی ویب سائٹ کے ساتھ جوڑ بھی دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مباحثے کے دوران اِن الفاظ کا استعمال اُس وقت کیا جب ہیلری کلنٹن نے اُن سے ٹیکس کی عدم ادائیگی کے معاملے پر گفتگو شروع کی۔ ٹرمپ کا اصرار ہے کہ کلنٹن اور اُن کی انتخابی مہم کے کارکن مسلسل اُن پر مختلف الزامات بشمول خواتین کے ساتھ چھڑخوانی کرنے کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے خلاف مختلف خواتین کی جانب سے چھیڑخوانی کے الزامات کو بھی لغو اور افسانہ قرار دیا ہے۔