1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کارساز ادارے پورشے کے بنیادی سرمائے میں اضافہ

23 جولائی 2009

اسپورٹس کاریں بنانے والی جرمن کمپنی پورشے مالیاتی بحران سے نکلنے کے لئے تگ و دو کر رہی ہے۔ بدھ کو رات گئے کمپنی کے نگراں بورڈ کے ارکان نے پورشے کے بنیادی سرمایے میں پانچ بلین یورو کے اضافے کی منظوری دے دی۔

https://p.dw.com/p/Ivci
تصویر: AP

جرمن کارساز ادارے پورشے کی ایک اور جرمن کارساز ادارے فوکس واگن کے ساتھ انضمام کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ تاہم اس سے قبل کمپنی کے بنیادی سرمایے کی صورت حال کو بہتربنانا بھی ضروری قرار دیا جارہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ نگراں بورڈ کے ارکان اس اقدام کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد پورشے کی جانب سے جاری کئے اعلامیے میں کہا گیا کہ فوکس واگن کے ساتھ شراکت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نگران بورڈ کا یہ اجلاس شیڈول سے ایک روز قبل ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پورشے کی انتظامیہ جلد سے جلد اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ پورشے اور فوکس واگن کے انضمام کے لئے دونوں کمپنیوں کے بورڈ کے ارکان کا ایک اجلاس جمعرات کو ہو رہا ہے اور پورشے اپنے بنیادی سرمایے میں اضافے کے فیصلے کے ساتھ زیادہ بہتر پوزیشن میں مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکتی ہے۔

یہ توقع بھی کی جارہی ہے کہ فوکس واگن کے بورڈ ممبرز دو مرحلوں میں پورشے کا کنٹرول حاصل کرنے کے ساتھ آٹھ بلین یورو کے ایک نئے پاور ہاؤس کے قیام کے منصوبے پر بھی اتفاق کر لیں گے۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والے مذاکرات میں پورشے کے نگراں بورڈ نے قطر کے ایک فنڈ کو حصص کی فروخت کو حتمی شکل دینے کی منظوری بھی دی۔ پورشے کے ترجمان Albrecht Bamler کا کہنا ہے کہ نگراں بورڈ نے انتظامیہ کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ قطر ہولڈنگ LLC کے ساتھ معاہدہ کر لے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ یہ بات بھی واضح نہیں ہے کہ آیا قطر کے فنڈ کے معاہدے کے نتیجے میں حاصل ہونے والی رقم پانچ بلین یورو کے مجوزہ سرمایے کا حصہ ہوگی یا پھر یہ رقم اضافی تصور کی جائے گی۔

رپورٹ:ندیم گل

ادارت:افسراعوان