1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیٹرائٹ سازش: عمر فاروق پر فرد جرم عائد

7 جنوری 2010

ڈیٹرائٹ ناکام حملے کے ملزم عمر فاروق عبدالمطلب پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ مشی گن میں امریکی جیوری نے تئیس سالہ عبدالمطلب پر امریکی طیارہ تباہ کرنے کی کوشش پر کل چھ الزامات عائد کئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LMnz
عمرفاروق پر چھ الزامات عائد کئے گئےتصویر: AP

عمرفاروق عبدالمطلب پرعائد ان الزامات میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کےاستعمال کی کوشش کےعلاوہ جہاز میں سوار تقریبا دو سو نوے مسافروں کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام بھی شامل ہے۔

نائجیریا سے تعلق رکھنے والےعبدالمطلب نے کرسمس کے دن ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ جانے والے ایک امریکی طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی تاہم جہاز کےعملے اور مسافروں نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ اس جہاز میں کل 291 مسافر جبکہ عملے کے گیارہ افراد سوار تھے۔

مشی گن میں امریکی جیوری کےمطابق عبدالمطلب بم بنانےکی تیاری میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ طیارے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

Mike Mullen
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل مائیکل مولنتصویر: picture-alliance/ dpa

فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ عبدالمطلب ، جو دھماکہ خیز مواد خفیہ طورپر جہاز میں لے جانے میں کامیاب ہو گیا تھا وہ انتہائی خطرناک نوعیت کا تھا۔ تفتیش کے دوران عبدالمطلب نےاعتراف کیا ہے کہ یہ مواد اسے یمن میں موجود دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے فراہم کیا تھا تاکہ امریکی جہاز تباہ کیا جا سکے۔

ان الزامات کے دفاع کے لئے ملزم کو جمعہ کے دن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اگرعبدالمطلب پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو اسےعمر قید ہو سکتی ہے۔

دوسری طرف امریکی صدرباراک اوباما نے مطالبہ کیا ہےکہ ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی نظام میں فوری طور پر تبدیلیاں کی جائیں۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ، ایڈمرل مائیکل مؤلن نے کہا ہےکہ باراک اوباما، سیکیورٹی کے نئے اور مؤثر نظام کا اطلاق کرنے کے لئے بے قرار ہیں۔ واشنگٹن میں ایک سیمینار کے دوران طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے مؤلن نے مزید کہا کہ امریکی حکومت ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے فوری طور پر تبدیلیاں عمل میں لائے گی۔

مائیکل مؤلن نے کہا کہ انتہا پسند، ڈیٹرائٹ حملےسے متاثر ہو کر ایسے ہی حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں موجود دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے ونگ نے ڈیٹرائٹ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس واقعے کے بعد یمن میں انتہا پسندوں کے بڑھتے ہوئےاثرو روسوخ پر عالمی برادری نے شدید تحفطات بھی ظاہر کئے ہیں۔ یمنی حکام نے عالمی دباؤ کے بعد ملک میں موجود انتہا پسندوں کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ اسی تازہ ترین کارروائی کے دوران یمن کی فورسزز نے القاعدہ کےتین مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔ خبر رساں ادارے AFP کے مطابق یمنی حکام نے دارالحکومت کے شمال میں القاعدہ کے ایک اہم مقامی رہنما محمد الہنگ کو بھی گرفتارکرلیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں