1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈھائی ہزار کے قریب تارکینِ وطن  ڈوبنے سے بچا لیے گئے

صائمہ حیدر
23 اکتوبر 2016

اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق لیبیا کے ساحل سے دور بحیرہء روم میں ڈھائی ہزار کے قریب تارکینِ وطن  ڈوبنے سے بچا لیے گئے ہیں۔ سمندر سے چودہ لاشیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2RaEH
Nächtliche Rettung von Flüchtlingen
ناروے کے امدادی جہاز ’سیم پائلٹ‘ نے خوفزدہ تارکینِ وطن کو سمندر برد ہونے سے بچایاتصویر: Reuters

 

Nächtliche Rettung von Flüchtlingen
ناروے کے امدادی جہاز ’سیم پائلٹ‘ نے خوفزدہ تارکینِ وطن کو سمندر برد ہونے سے بچایاتصویر: Reuters

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کو ڈرامائی کہا جا سکتا ہے کیونکہ اِس دوران ناروے کے امدادی جہاز ’سیم پائلٹ‘ اور ایک دوسری امدادی کشتی کے عملے نے جارحیت پر آمادہ انسانی اسمگلروں کو نظر انداز کرتے ہوئے خوفزدہ تارکینِ وطن کو سمندر برد ہونے سے بچایا۔ اِس امدادی کارروائی کے انچارج پولیس افسر پال ایرک ٹائگن نے بتایا،’’ اِس طرح کی امدادی کارروائی کا مجھے پہلے کبھی تجربہ نہیں ہوا۔ ہم ایک ٹینکر سے جہاز میں ایک ہزار تارکینِ وطن کو منتقل کر رہے تھے جب اچانک اندھیرے میں ربڑ کی کشتیاں سامنے آ گئیں۔ یہ انتہائی مایوسی کا عالم تھا۔‘‘
اِن ربڑ کی کشتیوں میں سے ایک پر سوار تارکینِ وطن جنہیں جہاز تک پہنچانا ابھی باقی تھا ، مایوسی کی حالت میں امدادی جہاز تک آنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم جہاز میں گنجائش سے زائد افراد سوار تھے اور مزید ایک بھی فرد کو لینے کی گنجائش نہیں تھی۔ ربر کی کشتی میں سوار قریب پچیس مہاجرین نے ’سیم پائلٹ‘ تک تیر کر پہنچنے کے لیے خود کو پانی میں گرا دیا۔

Libyen Tripoli Gerettete Migranten
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سمندر کا پُر خطر راستہ اختیار کر کے یورپ جانے والے تارکینِ وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تصویر: Getty Images/AFP/Stringer


بعد ازاں نارویجین امدادی جہاز کی سپیڈ بوٹس نے تارکینِ وطن کو سمندر اور جہاز کی چھوٹی امدادی کشتیوں سے نکال کر ٹینکر پر عارضی طور پر اُس وقت تک کے لیے منتقل کیا جب تک دوسرا امدادی جہاز وہاں نہ پہنچ جائے۔ طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی امدادی کشتی نے لاشیں ڈھونڈے کا کام کیا۔ تباہ حال اور بھری ہوئی کشتی سے ایک مہاجر نے ایک بچے کو امدادی کارکن کے حوالے کیا۔ اِن کشتیوں پر سوارتارکین وطن میں چھوٹے بچوں اور پورے پورے خاندانوں کے علاوہ ایسے کم عمر افراد بھی تھے جو اکیلے سفر کر رہے تھے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سمندر کا پُر خطر راستہ اختیار کر کے یورپ جانے والے تارکینِ وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو بحیرہء روم کو موسمِ سرما کے آغاز سے پہلے عبور کرنا چاہتے ہیں۔ اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے حالیہ بیان کے مطابق رواں برس اب تک قریب ایک لاکھ چھیالیس ہزار پانچ سو مہاجرین اٹلی پہنچے ہیں۔

سینکڑوں تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا