1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈورٹمنڈ میں جسم فروشی پرٹیکس

13 دسمبر 2010

جرمن شہر ڈورٹمنڈ نے اپنے بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لئے ایک ٹیکس متعارف کروایا ہے۔ اس کے تحت جسم فروش خواتین کو اپنی روزانہ کی آمدنی سے رقم ادا کرنا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/QWdd
تصویر: picture alliance/dpa

اس نئے ٹیکس کے مطابق ڈورٹمنڈ میں جسم فروش خواتین کو روزانہ کی بنیادوں پر چھ یوروکی ایک ٹکٹ خریدنی ہوگی۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتیں تو ان پر ایک بڑا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق Pleasure Tax نامی اس منصوبے کے تحت سالانہ بنیادوں پر 750,000 یوروکا ٹیکس حاصل ہو سکے گا۔

مغربی جرمن شہر ڈورٹمنڈ کو اس وقت ایک سو ملین یورو کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔ اس خسارے کوکم کرنے کے لئے مقامی انتظامیہ مختلف منصوبے تجویز کر رہی ہے اور 'لطف اٹھانے کا ٹیکس' بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا گیا ہے۔

Prostituierte wartet auf der Straße
سن 2002ء میں جرمنی میں جسم فروشی کو قانونی درجہ دیا گیا تھاتصویر: BilderBox

بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی جسم فروش اگر ایک دن کے لئے کام کرنا چاہتا یا چاہتی ہے تو اسے چھ یوروکی ایک خصوصی ٹکٹ یا پرچی حاصل کرنا ہوگی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ پرچی صرف ایک دن کے لئے ہی کار آمد ہوگی جبکہ دوسرے دن جسم فروشوں کو ایک نئی پرچی خریدنا پڑے گی۔

ڈورٹمنڈ کے سرکاری ترجمان میشائیل مائنڈرز نے خبر رساں ادارے روئٹرز سےگفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ جرمنی کے دیگر شہروں کی طرح ڈورٹمنڈ کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس نئے منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا،'ہم نے سیکس پر ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے کئی تجاویز پر غورکیا لیکن یہ منصوبہ سب سے بہتر اورکارآمد معلوم ہوتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر بھی غورکیا گیا کہ اگر کوئی شخص ڈورٹمنڈ کے ریڈ لائٹ ایریا میں داخل ہونا چاہے تواس پر ایک یا دو یوروکا ٹیکس لگایا جائے، تاہم یہ منصوبہ انتظامیہ کوکچھ مناسب محسوس نہیں ہوا۔

BdT Streit um WM Die Welt zu Gast bei Freundinnen
جرمن شہر کولون میں جسم فروشی کا اڈہتصویر: AP

جرمنی میں اس طرح کے ٹیکس کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہاں جسم فروش رجسٹرڈ ہیں اور انہیں ٹیکس بھی دینا پڑتا ہے۔ جرمن شہر کولون میں بھی سن 2004ء میں ایک ایسا ہی ٹیکس متعارف کروایا گیا تھا، جس کے تحت وہاں جسم فروش 150 یورو کا ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ بعد ازاں کولون میں 'پارٹ ٹائم' جسم فروشوں کے لئے خصوصی رعایتی پیکیج سامنے لایا گیا، جس کے تحت 'پارٹ ٹائم' مگر رجسٹرڈ جسم فروش چھ یورو کی خصوصی ٹکٹ خریدتی ہیں۔

جرمنی میں سن 2002ء میں جسم فروشی کو قانونی درجہ دیا گیا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق اس وقت جرمنی میں قریب چار لاکھ جسم فروش رجسٹررڈ ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل