ڈزنی لینڈ کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی امتیازی سلوک ؟
5 اگست 2015ڈزنی لینڈ پیرس کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ برطانوی اور جرمن گاہکوں سے ڈزنی پارک کے ٹکٹ کی قیمت کئی گنا زیادہ لیتی ہے اور ڈزنی لینڈ کی مختلف دکانوں میں اشیاء پر لگی خصوصی ریاعتی سیلز سے بھی ان دونوں ممالک کے باشندے استفادہ نہیں کر سکتے۔
برطانوی اخبار ’فائنینشل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈزنی لینڈ پیرس میں برطانیہ اور جرمنی کے شائقین ٹکٹ کی قیمت 15 فیصد زیادہ ادا کرتے ہیں۔ اُدھر یورپی کمیشن نے بھی کہا ہے کہ اُسے اس بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں اور وہ اب ڈزنی پیرس کی قیمتوں کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثناء ڈزنی پیرس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اُن کی خصوصی رعایتی سیل دراصل سیزنل یا موسمی پروموشن یا تشہیر کا حصہ ہیں۔
فائنینشیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چند کیسوں میں فرانسیسی صارفین نے ڈزنی لینڈ پیرس کے پریمیم پیکیج کی قیمت 1,346 یورو ادا کی جب کہ اسی پیکیج کی قیمت برطانوی صارفین نے 1,870 یورو اور جرمن شائقین نے 2,447 یورو ادا کیے۔
یورپی یونین کے کمیشن نے اس بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ڈزنی پیرس یورپی اتحاد میں شامل چند ممبر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کو ڈزنی لینڈ پیرس کے اندر چند خصوصی یا بہترین ڈیلز کی شاپنگ سے روک رہے ہیں۔ یورپی کمیشن کی ایک ترجمان لوسیا کاؤڈٹ کے مطابق یورپی قانون کے تحت فرمیں صارفین کو اچھی ڈیلز سے فائدہ اُٹھانے سے روکنے کی مجاز نہیں ہیں۔ اس بارے میں جرمنی اور برطانیہ کے علاوہ اٹلی کے صارفین نے بھی شکایت کی ہے۔
یہ مسئلہ دراصل اس طرح سامنے آیا کہ تعطیلات پر ڈزنی لینڈ پیرس جانے کے ایک برطانوی خواہش مند ایک فرانسیسی ویب سائیٹ سے ٹکٹ بُک کرانے کی کوشش کر رہا تھا تاہم وہ ناکام رہا کیوں کہ اُس کے پاس فرانس کا کریڈٹ کارڈ نہیں تھا اس لیے وہ ٹکٹ کی قیمت ادا نہیں کر سکا۔ اس بارے میں فرانسیسی حکومت کو چھان بین کے لیے کہا گیا ہے۔
اس بارے میں صفائی پیش کرتے ہوئے ڈزنی پیرس کے ایک ترجمان نے کہا کہ اسٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمتیں گرچہ یورپ بھر میں یکساں ہیں تاہم مخصوص سیزن جیسے کے سیزنل ایونٹس اور بچوں کی تعطیلات وغیرہ کے دوران مختلف فرمیں ان ٹکٹوں کو خاص قیمتوں میں بیچنے اور مختلف ڈیلز متعارف کرا دیتی ہیں۔
اس ترجمان نے مزید کہا کہ صارفین کو اُن کے مقام یا جگہ کے اعتبار سے خصوصی پیکیجز کی رسائی تک کے لیے بلاک نہیں کیا جاتا تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ صارفین ڈزنی پیرس کی ٹکٹوں کی قیمت اُس وقت تک ادا نہیں کر سکتے جب تک اُن کے پاس اُس ملک کا کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ نہ ہو جہاں سے بیٹھ کر وہ پیکیج کی بُکنگ کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ ڈزنی پیرس کی انتظامیہ اسے ’ اینٹی فراڈ میژر‘ کا نام دے رہی ہے۔