چیمپئینز لیگ فٹ بال: چیلسی اور بارسلونا کا میچ برابر
29 اپریل 2009چیلسی نے بارسلونا کے خلاف کھیلتے ہوئے، جو اپنے جارحانہ انداز کے لئے مشہور ہے اور جس کے مقابلے میں موجودہ سیزن کے دوران بہت کم ٹیمیں خود کو ناکامی سے محفوظ رکھ سکیں، بڑے نپے تلے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
کھیل کے اختتام تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے پر چیلسی کی ٹیم اس لئے بہت مطمئن تھی کہ اب دوسرے سیمی فائنل میچ میں، جس میں بارسلونا کی ٹیم چیلسی کے ہوم گراؤنڈ پر اس کی مہمان ہو گی، یہ انگلش ٹیم اس لئے تکنیکی طور پر بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی کہ کسی طرح چیمپئینز لیگ کے فائنل تک پہنچ سکے۔
اس میچ میں ایک تو بارسلونا کی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی بھی اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے اور پھر چیلسی کی ٹیم کی دفاعی لائن بھی بہت کامیاب ثابت ہوئی جس کی بناء پر بارسلونا کے کھلاڑی ہوم گراؤنڈ کا نفسیاتی فائدہ بھی نہ اٹھا سکے۔
بارسلونا میں چیلسی کے خلاف میچ کے دوران مقامی ٹیم کے سرکردہ دفاعی کھلاڑی اور میکسسیکو سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ فٹ بالر رافا مارکیز دوسرے ہاف کے شروع میں بائیں گھٹنے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ان فٹ بھی ہو گئے جس کے بعد ان کے طبی معائنے کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ اب تقریبا یقینی طور پر موجودہ سیزن کا کوئی ایک بھی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
یورپی فٹ بال چیمپئینز لیگ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی باقی دوٹیموں مانچسٹر یونائیٹڈ اور آرسنل لندن کا پہلا میچ بدھ کے روز ہوگا۔