چائنا اوپن ٹینس چیمپیئن شپ جوکووچ نے جیت لی
11 اکتوبر 2009بیجنگ میں کھیلے جانے والے اتوار کے فائنل میں جوکووچ نےکروشیا کے مارین چیلچ کو ہرا کر رواں برس میں تیسرا ATP ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ فائنل میں شکست کھانے والے کروشیا کے مارین چیلچ نے ہفتہ کو ٹینس کے عالمی نمبر دو رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
سربیا کے سیکنڈ سیڈ جوکووچ اور چیلچ کے درمیان اتوار کا فائنل تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث رُکا رہا۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ بارش کے بعد وہ یقینی طور پر بہت اچھا کھیلے۔ یوں کہئے کہ بارش انہیں اور بھی تازہ کم کر گئی۔
دوسری طرف چیلچ نے تسلیم کیا کہ وہ انتہائی اہم مواقع پر اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے جوکووچ کے کھیل کو سراہا۔ چیلچ نے کہا کہ جوکووچ نے بہت مضبوطی سے دفاع کیا۔ پہلے سیٹ میں یہ مقابلہ دو دو سے برابر تھا۔ تاہم بیجنگ اولمپک ٹینس کورٹ میں جوکووچ نے نے چیلچ کو چھ دو اور سات چھ سے مات دی۔فائنل مقابلے کے فاتح جوکووچ کو پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی ہے۔
چائنا اوپن میں خواتین کا فائنل روس کی سکستھ سیڈ سویٹلانا کوزنیٹسوا نے جیتا۔ انہوں نے پولینڈ کی رادوانسکا کو چھ دو اور چھ چار سے ہرا دیا۔ اس مقابلے میں روسی کھلاڑی بیس سالہ پولش رادوانسکا پر پہلے ہی سیٹ سے حاوی رہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شادی خان