1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور میں پیدائش، ممبئی میں انتقال: ونود کھنّہ چل بسے

علی کیفی AP,AFP,DPA
27 اپریل 2017

بھارت کے معروف اداکار، فلمساز اور سیاستدان ونود کھنّہ ستّر برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔ وہ ایک طویل عرصے سے کینسر میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/2bzhW
Indien Bollywood Schauspieler Vinod Khanna
تصویر: Getty Images/AFP/STRDEL

ممبئی کے سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال کے ایک ترجمان تُشار پانیہ نے بتایا کہ ونود کھنّہ مثانے کے سرطان میں مبتلا تھے اور اُن کا انتقال جمعرات ستائیس اپریل کو ہوا۔

1946ء میں پشاور میں جنم لینے والے ونود کھنّہ نے 1968ء میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے کیریئر کے دوران ایک سو سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ستّر اور اَسّی کے عشروں میں وہ کروڑوں فلم بینوں کے دلوں کی دھڑکن تھے۔ ان دو عشروں کے دوران وہ بالی وُڈ کے سُپر سٹارز میں شمار ہوتے رہے۔

 اُن کی یادگار فلموں میں ’میرے اپنے‘، ’میرا گاؤں، میرا دیش‘، ’غدار‘، ’کچے دھاگے‘، ’اچانک‘ اور ’امر اکبر انتھونی‘ شامل ہیں۔ ’میرا گاؤں، میرا دیش‘ میں اُنہوں نے ایک ولن کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ’امر اکبر انتھونی‘ میں اُن کا کردار بہت مقبول ہوا تھا۔ یہ تین ایسے بھائیوں کی کہانی تھی، جو بچپن میں ایک دوسرے سے بچھڑ جاتے ہیں۔

1982ء میں کھنّہ نے کچھ عرصے کے لیے فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا اور روحانی گورو اوشو رجنیش کے پیروکار بن گئے تھے۔ پانچ ہی سال بعد ہی لیکن وہ پھر سے فلمی دنیا میں لوٹ آئے تھے، جہاں اُنہوں نے فلم بینوں کو ’انصاف‘  اور ’ستیامیو جیاتی‘ کی صورت میں دو ہٹ فلمیں دیں۔

1997ء میں ونود کھنّہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے انتخابات میں بھی حصہ لیا اور اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ اس دوران انہوں نے خارجہ امور کے جونیئر وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

Indien Bollywood Schauspieler Vinod Khanna
ونود کھنّہ کی پیدائش 1946ء میں متحدہ ہندوستان کے شہر پشاور میں ہوئی تھیتصویر: Getty Images/AFP/STRDEL

مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات کی جانب سے ونود کھنّہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا ا ظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف فلم ڈائریکٹر کرن جوہر نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے:’’اسکرین پر اُن کی کارکردگی کا آج بھی کوئی ثانی نہیں ہے۔ ہم اُس دور میں جوان ہوئے، جس میں وہ سُپر سٹار ہوا کرتے تھے۔‘‘

فلمی نقاد شھُبرا گپتا نے لکھا:’’اُنہوں نے ایسے اداکار اور جنٹل مین کے کردار نبھائے، جو اب ہمیں کہیں نظر نہیں آتے۔ ستّر اور اَسّی کے عشروں میں ونود کھنّہ اور امیتابھ بچن سب سے زیادہ تفریح فراہم کرنے والے اداکار تھے۔‘‘