پشاور میں رنگا رنگ ’رچ میلہ‘
خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاورمیں دو روزہ رنگار نگ ’رچ میلہ‘ منعقد کیا گیا، جس میں صوبہ بھر کے ثقافتی سرگرمیوں کی عکاسی کی گئی۔
فنکاروں، ہنرمندوں اور عوام کی شرکت
محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام نشتر ہال پشاور میں منعقد کیے جانے والے اس میلے میں صوبہ بھر سے فنکاروں، ہنرمندوں، شعرا اور کھلاڑیوں نے شرکت کر کے اس دو روزہ پروگرام کو دیدہ زیب اور دلچسپ بنایا۔
تاریخی فنون اور اشیا کی نمائش
اس ثقافتی میلے میں مختلف تاریخی فنون اور اشیا کی نمائش کی گئی۔ میلے کے دوران چترال اور دوسرے علاقوں سے مدعو کیے گئے فنکاروں نے روایتی رقص بھی پیش کیے۔
سارندہ، پشتون ثقافت کا حصہ
اس پروگرام میں مشہور ساز ’سارندہ‘ کے نامور موسیقار اعجاز سرحدی کو مدعو کیا گیا۔ موسیقاروں کے مطابق ’سارندہ‘ پشتون ثقافت کا حصہ ہے اور نئی نسل تک اس کو منتقل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ڈھائی من کا پتھر
ثقافتی میلے میں صوبہ بھر کے نوجوانوں نے جہاں دیگر مقابلوں میں حصہ لیا وہیں زور آزمائی کے مقابلے میں نوجوانوں کو قریب سو کلو (ڈھائی من) وزنی پتھر کا گولہ اٹھانا تھا۔ جو کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔
مٹی کے برتن اور زیبائشی اشیا
اس نمائش میں ستر سالہ زیب کاکا نے بھی سٹال لگایا تھا، جو مٹی سے برتن اور دوسرے زیبائشی اشیا بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے میلے کے شرکاء کی فرمائش پر چند ہی لمحوں میں مٹی سے مختلف اشیا بناکر لوگوں سے داد حاصل کی۔
کھانے پینے اور دستکاری کے اسٹالز
نشتر ہال پشاور میں منعقدہ اس میلے میں موسیقی اور روایتی کھیلوں کے علاوہ تیس کے قریب مختلف سٹالز بھی لگائے گئے تھے، جن میں کھانے پینے سمیت دستکاری اور دیگر پشتون ثقافتی اشیا شامل تھی۔
ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں کا رقص
میلے کی رونق بڑھانے کے لیے اگر ایک طرف میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا تھا تو دوسری جانب مانسہرہ سے آئے ہوئے نوجوانوں نے میدان میں ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص پیش کر کے خوب داد وصول کی۔
خواتین اور بچوں کی بھی شرکت
اس دو روزہ میلے میں خواتین نے بھی ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دوپہر دو بجے سے رات دس بجے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں بچوں اور خواتین کی شرکت نے ثابت کردیا کہ پشاور کے باسی اس قسم کے پروگراموں کے حق میں ہیں۔
صوبے کے مختلف علاقوں سے فنکاروں کی شرکت
اس ثقافتی میلے میں پشاور کے علاوہ چترال، کوہستان، کالاش، کوہاٹ، بنوں، دیر، سوات اور مردان سمیت صوبے کے دوسرے علاقوں کے ہنرمندوں نے بھی شرکت کی، جن کو محکمہ ثقافت خیبر پختون خوا نے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔
خواتین کی دلچسپی کے اسٹالز
اس میلے میں آئی ہوئی خواتین کی دلچسپی کے لیے سلائی کڑھائی کے سٹال لگائے گئے تھے۔ محکمہ ثقافت کی طرف سے ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی کی خاطر ان کو اس میلے میں سٹال لگانے اور پراڈکٹس متعارف کرانے کا بھی موقع دیا گیا۔
طلباء کے کبڈی مقابلے
’رچ میلے‘ میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا نے کبڈی کے مقابلوں سے بھی شائقین کو محظوظ کیا۔ رات گئے تک اس روایتی طرز کے کبڈی مقابلوں میں تمام کھلاڑیوں نے نظم وضبط کا مظاہرہ کیا۔
قہوہ، پشتون ثقافت کا اہم جزو
پشتون ثقافت کے اہم حصے ’قہوہ‘ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، یہی وجہ ہے کہ اس میلے میں خصوصی طور پر قہوے کا سٹال لگایا گیا، جس میں روایتی انداز میں ’رنگ برنگے چینک‘ اور چھوٹے پیالوں میں لوگوں قہوہ پیش کیا گیا۔