1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتھ ٹیسٹ میں بھارت کی بہتر پوزیشن

17 جنوری 2008

بھارت کے پہلی انگزز میں 330 رنز کے جواب میں آسٹریلیا اپنی پہلی انگزز میں صرف 212 رنز بنا کر آوٹ ہو گیا۔ کل تیسرے روز کے کھیل کا پہلا سیشن دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

https://p.dw.com/p/DYMP

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی پوزیشن کو مستحکم کردیا ہے۔کھیل کے دوسرے روز کے اختتام تک بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنالئے تھے‘ اور اس طرح میچ میں اسے مجموعی طور پر 170 رنز کی لیڈحاصل ہوگئی ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم 212 رنز پر سمٹ گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے صرف اینڈریو سائمنڈز اور ایڈم گلکرسٹ نے قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔بھارت کے 330 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی اور محض 61رنز پر اس نے اپنے پانچ وکٹ گنوادئے۔

اس میچ کی خاص بات بھارتی کپتان انیل کمبلے کا 600وکٹوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس طرح اب وہ دنیا کے تیسرے گیندباز بن گئے ہیں جنہوں نے چھہ سو یا اس سے زیادہ وکٹیںحاصل کی ہیں۔ انیل کمبلے سے قبل‘ آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن اور سری لنکا کے آف اسپنر متھیا مرلی دھرن یہ ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔جاری اس سیریز کے پہلے دو میچ‘ آسٹریلیا نے جیت لئے ہیں۔آسٹریلیا نے میلبورن اور سڈنی میں کھیلے جانے والے میچوں میں بھارت کو کراری شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر رکھی ہے۔

پرتھ میں جاری ٹیسٹ میچ میں کل تیسرے روز کے کھیل کا پہلا سیشن دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ اگر بھارت نے اپنی وکٹیں بچانے میں کامیابی حاصل کی تو میچ پر اس کی گرفت مزید مضبوط ہوسکتی ہے جبکہ اس کے برعکس اگر آسٹریلوی بولرز نے اچھی بولنگ کی تو ان کی ٹیم میچ میں واپس آسکتی ہے۔