1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے پہلا ٹی ٹونٹی جیت لیا

افسر اعوان15 جنوری 2016

نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹونئٹی میچ میں میزبان ٹیم کو 16 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پانچ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے محمد عامر نے بھی عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا۔

https://p.dw.com/p/1He6O
تصویر: Getty Images/AFP/G. Guercia

نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹونئٹی میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان کے ایس ولیمسن نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کر کے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں کے دلوں کی دھڑکنیں تیز کر دیں۔ پاکستانی ٹیم کو پہلا نقصان پانچویں اوور میں اُس وقت اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 16 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 33 تھا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 61 رنز محمد حفیظ نے بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی 23، عمر اکمل 24، شعیب ملک 20 اور عماد وسیم 18 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ اس طرح مقررہ 20 اوورز میں پاکستانی ٹیم نے 171 رنز بنائے اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ محض نو کے اسکور پر گر گئی جب گپٹل محض دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم کپتان ولیمسن اور کولن مونرو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 9.6 اوورز میں اسکور کو 89 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر امکان پیدا ہو گیا تھا کہ یہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ تاہم پاکستانی بالرز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 61 رنز محمد حفیظ نے بنائے
پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 61 رنز محمد حفیظ نے بنائےتصویر: AP

نیوزی لینڈ کے نمایاں اسکورر ولیمسنز رہے جنہوں نے 70 رنز بنائے جبکہ مونرو نے 56 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ایم جے ہینری وہ واحد کیوی بیٹمسین تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی تمام ٹیم مقررہ 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بالر وہاب ریاض رہے اور انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی اور عمر گُل نے دو دو جبکہ عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

اس میچ کی خاص بات پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عامر کی پانچ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی تھی۔ وہ اس مقابلے میں ایک وکٹ لے پائے۔ تاہم ان کے دو کیچ ڈراپ بھی ہوئے۔

پاکستان اپنے دورے کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونئٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے گا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 17 جنوری کو ہیملٹن میں کھیلا جائےگا۔