1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی افواج کے طالبان پر فضائی حملے

رپورٹ: شامل شمس8 مئی 2009

پاکستانی افواج کے ترجمان کے مطابق جمعے کے روز پاکستانی فضائیہ نے مالاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم بارہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/HltL
افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر ناصر خان کے مطابق جمعرات کے روز پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مالاکنڈ آپریشن میں پچپن شدّت پسندوں کو ہلاک کیا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa
Dreiergipfel Washington
پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے جمعرات کے روز واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی تھیتصویر: AP


پاکستانی فوج کی یہ کارروائی جمعرات کے روز پاکستانی وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے قوم سے خطاب میں مالاکنڈ ڈویژن میں عسکریت پسندوں کا صفایا کرنے کے لیے فوج کو طلب کرنے کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آئی ہے۔

افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر ناصر خان کے مطابق جمعرات کے روز پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مالاکنڈ آپریشن میں پچپن شدّت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔

Flucht aus dem Swat-Tal
انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے مالاکنڈ فوجی آپریشن کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہےتصویر: AP


واضح رہے کہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے جمعرات کے روز واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی تھی۔ امریکہ کی میزبانی میں ہونے والے پاک افغان اجلاس میں افغان صدر حامد کرزئی بھی موجود تھے۔ پاکستانی صدر نے واشنگٹن میں زرائے ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عسکریت پسندوں کا صفایا کر کے دم لے گا۔

افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر ناصر خان کا کہنا ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے جمعے کے روز کبل میں عسکریت پسندوں کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں دس سے بارہ عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کی زمینی کارروائی کو فضائی امداد بھی حاصل رہی۔

مبصرین کے مطابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے فوج کو مالاکنڈ میں باضابطہ طور پر طلب کرنے سے بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومتِ پاکستان طالبان شدّت پسندوں کے خلاف ایک بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے تاہم بعض کا موقف ہے کہ یہ کارروائی امریکہ کے شدید دباؤ کا نتیجہ ہے اور محض عارضی ہے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین، یو این ایچ سی آر، اور انٹرنیشنل ریڈ کراس کے علاوہ انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے مالاکنڈ فوجی آپریشن کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔