1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریاں

2 اپریل 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ اِس ماہ کی تیس تاریخ سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہو گا۔ پاکستان اِس کا دفاعی چیمپیئن ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بارہ ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔ یہ چار مختلف گروپوں میں تقسیم ہیں۔

https://p.dw.com/p/Mljt
تصویر: AP

ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں پہنچیں گی، جہاں سے ٹاپ چار ٹیمیں بعد میں سیمی فائنل کے میچ کھیلیں گی۔بارہ ٹیمیں ان چار گروپوں میں تقسیم ہیں:

گروپ اے

پاکستان، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیموں پر مشتمل یہ گروپ ورلڈ کپ کا سب سے سخت گروپ سمجھا جاتا ہے۔ دفاعی چیمپیئن کو اِس گروپ میں اگلے مرحلے میں پہنچنے میں آسانی کا سامنا نہیں ہو گا۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آج کل خاصی فارم میں ہیں۔ سردست یہ کہنا مشکل ہو گا کہ کونسی دو ٹیمیں سپر ایٹ میں پہنچ سکتی ہیں۔

گروپ بی

اس گروپ میں سری لنکا، زمبابوے اور نیوزی لینڈ کی ٹمیں شامل ہیں۔ زمبابوے کی ٹیم قدرے ہلکی ہے اور وہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کو سخت مقابلہ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ یوں اس گروپ سے سری لنکا اور نیوزی لینڈ آسانی سے سپر ایٹ راؤنڈ میں پہنچ جائیں گی۔

گروپ سی

Ricky Ponting
رکی پونٹنگ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے آسٹریلوی ٹیم میں شامل نہیںتصویر: AP

یہ گروپ جنوبی افریقہ، بھارت اور افغانستان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ گروپ بی کی طرح جنوبی افریقہ اور بھارت بڑی آسانی سے اگلے راؤنڈ میں داخل ہو جائیں گی۔

گروپ ڈی

میزبان ویسٹ انڈیز، آئر لینڈ اور انگلینڈ اِس گروپ میں شامل ہیں۔ آئر لینڈ کی ٹیم میں اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اِس گروپ کے کھیل زبردست ہو سکتے ہیں۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے امپائرز کے پینل کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح شریک ملکوں کے حتمی اسکواڈ بھی سامنے آ چکے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن پاکستان کی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کے سپرد ہے۔ پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم میں رکی پونٹنگ شامل نہیں اور مائیکل کلارک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ساتھ خواتین کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹورنامنٹس کا فائنل سولہ مئی کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں