ٹرین ٹائلٹ میں پیدا ہونے والی بچی پھسل کر ٹریک پر گر گئی
30 دسمبر 2015بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین ٹائلٹ کے راستے ریلوے ٹریک پر گرنے والی یہ بچی تاہم محفوظ رہی۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق پیر 28 دسمبر کو بھارت کی شمالی ریاست اُتر پردیش میں ایک حاملہ خاتون ٹرین میں سفر کر رہی تھی جب اسے درد زہ شروع ہو گیا۔
مقامی پولیس افسر انیل سروشی کے مطابق یہ 23 سالہ خاتون مسافر ٹرین کے ٹائلٹ میں چلی گئی جہاں اس نے ایک بیٹی کو جنم دیا تاہم یہ نومولود بچی پھسل کر کموڈ کے راستے ٹریک پر جا گری۔ سروشی کے مطابق، ’’مسافروں نے خاتون کی چیخ و پکار سن کر ٹرین رکوانے کے لیے ایمرجنسی زنجیر کھینچ دی۔ ٹرین رکنے کے بعد لوگ اتر کر ٹریک پر گرنے والی اس بچی کی طرف دوڑے اور دیکھا کہ وہ ابھی زندہ ہے۔‘‘
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ریلوے پولیس نے ماں اور بچی کو فوری طور پر ایک قریبی ہسپتال پہنچا دیا۔ ریلوے کے ایک اہلکار چندر موہن جندل نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا، ’’یہ ایک معجزہ ہے کہ نومولود بچی اتنی بلندی سے کنکریٹ کے بنے بلاکس پر گری اور محفوظ رہی۔‘‘
پولیس افسر انیل سروشی کے مطابق، ’’خوش قسمتی سے ٹرین کی رفتار بہت زیادہ نہیں تھی اور اس نے ابھی ایک ریلوے اسٹیشن سے سفر شروع کیا ہی تھا۔‘‘
بھارت میں اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ رواں برس فروری میں بھی بھارتی ریاست راجستھان میں ایک خاتون نے ایک ٹرین کے ٹائلٹ میں ایک بچے کو جنم دیا تھا جو اسی طرح پھسل کر ریلوے ٹریک پر جا گرا تھا۔ خوش قسمتی سے وہ بچہ بھی محفوظ رہا تھا۔