1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ اسپیشل

25 مارچ 2007

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 84 رنز سے شکست دی۔ دوسرے مقابلے میں انگلینڈنے کینیا کو باآسانی شکست دی۔

https://p.dw.com/p/DYMu
تصویر: AP

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ اس دعوت کا آسٹریلیا کے بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 377 رنز اسکور کئے ۔ جو اب تک عالمی مقابلے میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیڈن نے شاندار اننگزکھیلتے ہوئے عالمی کپ کی تیز رفتار ترین سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 101 رنز صرف 68 گیندوں پر اسکور کئے۔ ان کے اس اننگز میں چودہ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ رکی پونٹنگ 91 اور کلارک 92 رنز کے ساتھ سر فہرست رہے۔

آسٹریلیا کی دھواں دار بیٹنگ کا جواب جنوبی افریقہ نے جارحانہ طریقے سے دیا۔ اوپنرز سمتھ اور ڈی ویلیئرز نے صرف چھہ اوورز میں 50 رنز اسکور کر کے پتھر کا جواب اینٹ سے دیا۔ دونوں اوپنرز مطلوبہ اوسط 7.54 کے مطا بق اسکور کرتے رہے ۔ ڈ ی ویلیئر نے 49 گیندوں پر اور سمتھ نے 41 گیندوں پر نصف سنچریاں مکمل کیں۔جنوبی افریقہ کو پہلا نقصان ڈی ویلیئرز کے آوٹ ہونے پر ہوا کہ جب وہ 160 کے مجموعی اسکور پر 92 رنز بنا کو آوٹ ہوئے۔

دوسرا نقصان سمتھ کی صورت میں ہوا کہ جب وہ زخمی ہونے کی وجہ سے گراونڈ سے باہر چلے گئے۔ اس وقت اسکور بورڈ 184رنز دکھا رہا تھا۔اس موقع کا آسٹریلوی باولرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور کھیل کو اپنے قابو میں کرتے ہوئے کسی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی کو پچ پر ٹکنے نہ دیا۔ ایک طرف رن ریٹ بڑھتا گیا اور دوسری طرف وکٹیں گرتی گئیں۔اسطرح جنوبی افریقہ 48 اوورز میں 294 کے اسکور پر آوٹ ہو گئی۔

کینیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔بارش کی وجہ میچ کو 43 اوورز تک محدود کیا گیا۔ کینیا نے مقررہ اوورز میں انگلینڈ کو 178 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کینیا کی اننگز کی خاص بات ٹیکولو کے76 رنز تھے۔ جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ اسکوربا آسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی طرف سے جوئس 75 رنز بنا کر سر فہرست اور پیٹرسن 56 رنز کے اسکور پر ناٹ آوٹ رہے۔