نو ہزار کرپٹ ججوں کی برطرفی چاہتا ہوں، یوکرائنی وزیر اعظم
23 اکتوبر 2015جرمنی کے اپنے ایک دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت برلن میں چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ مل کر جمعہ تئیس اکتوبر کے روز ایک بزنس کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’یوکرائن میں نو ہزار ججوں پر بدعنوانی میں ملوث ہونےکا شبہ ہے، کییف حکومت رشوت اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کر رہی ہے اور ایسا صرف لفظاﹰ ہی نہیں بلکہ عملی طور پر کیا جا رہا ہے۔‘‘
آرسینی یاتسینی یُک نے کہا، ’’ہمیں اپنے ہاں عدلیہ میں شدید نوعیت کی اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔‘‘ یوکرائنی سربراہ حکومت نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ملکی عدالتوں کے ایسے ججوں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی کاوشوں میں ہے، جنہوں نے ’کرپشن کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ‘ کیا ہے۔
وزیر اعظم یاتسینی یُک نے اس جرمن یوکرائنی بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کییف حکومت اگلے برس یکم جنوری سے یورپی یونین کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔ اس کانفرنس سے جرمن چانسلر میرکل نے بھی خطاب کیا۔