1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوبیل انعام برائے امن کا اعلان

12 اکتوبر 2007

سابق نائب امریکی صدر اَیل گور اور اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی کونسل کو مشترکہ طور پر اِس سال کے نوبیل انعام برائے امن سے نوازا گیا ہے۔ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل کمیٹی نے اپنے فیصلے کے جواز میں کہا کہ انعام پانے والوں نے موسمیاتی تبدیلی کا شعور اجاگر کیا ہے اور اِس کے مقابلے کے لئے ٹھوس اقدامات کی بنیاد رکھی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYGQ
بھارتی ماہر ماحولیات راجندر پچوری نوبیل انعام برائے امن کے اعلان کے بعد نئی دہلی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے
بھارتی ماہر ماحولیات راجندر پچوری نوبیل انعام برائے امن کے اعلان کے بعد نئی دہلی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئےتصویر: AP

اِس سال اَیل گور کی دستاویزی فلم An Inconvenient Truth یعنی ایک تکلیف دہ حقیقت نے دو آسکر ایوارڈ جیتے تھے۔ اِس فلم میں امریکی باشندوں کو سبز مکانی اثرات اور زمینی درجہء حرارت میں اضافے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ اَیل گور نے 1,1 ملین یورو مالیت کے اِس انعام میں سے اپنے حصے کی رقم تحفظِ ماحول کےلئے اپنی ہی قائم کردہ تنظیم الائنس فار کلائیمیٹ پروٹیکشن (ACP) کے لئے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی ماحولیاتی کونسل اُن تقریباً تین ہزار سائنسدانوں کی تنظیم ہے، جنہوں نے اپنی بہت سی رپورٹوں میں موسمیاتی تبدیلیوں اور زمینی درجہء حرارت میں اضافے کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ اِس کونسل کے سربراہ ایک بھارتی ماہر ماحولیات راجندر پچوری ہیں۔