1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کوپن ہیگن کانقرنس میں شریک ہونگی

Adnan Ishaq16 نومبر 2009

اس سے قبل جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا تھا کہ امریکہ، چین اور بھارت کا موقف جانے بغیر وہ کوپن ہیگن کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گی۔

https://p.dw.com/p/KY9M
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے گزشتہ ہفتے جرمن چانسلر انگلیا میرکل کے موقف میں کافی سختی آئی

جرمن چا نسلرانگیلا میرکل نے رواں برس کے آخر میں ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے جرمن پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق امریکہ، چین اور بھارت کی پوزیشن جانے بغیر کوپن ہیگن کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اِن ملکوں کو اپنا موقف واضح کرنے پر آمادہ کرنے کے لئے ذاتی طور پرکوششی‍ں کریں گی اورکامیاب ہونے کی صورت میں ہی، وہ اس سال کے اواخر میں کوپن ہیگن کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

تاہم جرمن چانسلرمیرکل کے ترجمان کرسٹوف اِسٹیگ مَنس کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کوپن ہیگن کانفرنس میں اس حوالے کوئی معاہدہ طے پا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق اس یقین دہانی کے بعد ہی میرکل نے کانفرنس میں شرکت کرنے کی حامی بھری ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پارلیمان میں اپنی حالیہ تقریر میں کہا کہ موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلوں کو روکنے کے لئے وقت بہت کم ہے اس لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر سات تا اٹھارہ دسمبر سربراہ کانفرنس میں عالمی رہنما کسی ایسے معاہدے پر اتفاق کرنے کی کوشش کریں گے، جو کیوٹو پروٹوکول کا متبادل بن سکے۔ میرکل نے کہا کہ اس حوالے سے وہ عالمی مالیاتی اور اقتصادی بحران کو ایک بہانہ نہیں بنانے دیں گی۔ بقول ان کے اگریوں ہوا تو یہ ایک بہت بڑی غلطی ہوگی۔ انگیلا میرکل کے مطابق یورپی یونین نے موسمیاتی تبدیلوں میں کمی کےلئے ایک ٹھوس لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔

اس سے قبل برطانیہ اور فرانس سمیت چالیس ممالک کے سربراہاں مملکت نے کوپن ہیگن کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کراچکے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عابد حسین