مکی ماؤس کی آواز دم توڑ گئی
21 مئی 2009مکی ماؤس نامی کردار گذشتہ چالیس سال سے دنیا بھر میں کارٹون فلموں کے مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھے ہے اور بعض مداح یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ یہ کردار کارٹون فلموں کی تاریخ کا سب سے مشہور کردار ہے۔
الوائن سے قبل مکی ماؤس کے کردار کے لئے الوائن کے استاد جمی مکڈونلڈ کی آواز ریکارڈ کی جاتی تھی، تاہم الوائن نے والٹ ڈزنی سے اپنی وابستگی کے 11 سال بعد سن 1977 میں مکی ماؤس کے کردار کے لئے پہلی مرتبہ اپنی آواز ریکارڈ کروائی تھی۔
تب سے اب تک تخلیق کے اس خاص شعبے میں الوائن اور مکی ماؤس ایک ساتھ جانے اور پہچانے جاتے رہے ہیں۔ اس بارے میں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا: '' ایک خاص عرصے تک اس کردار کو برتنے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ مکی ماؤس کی تمام خصوصیات دراصل مجھ میں پیدا ہوگئی ہیں۔''
ان کی اہلیہ روسی ٹیلر بھی ایک فنکارہ ہیں اور والٹ ڈزنی مکی ماؤس کارٹون فلم میں منی ماؤس کے کردار کے لئے الوائن کی اہلیہ کی آواز استعمال کرتے تھے، جس سے دونوں کرداروں میں ایک خاص کشش پیدا ہوتی تھی۔
الوائن نے والٹ ڈزنی کی کارٹون فلموں کے علاوہ مکی ماؤس کے کردار پر بنی مختلف فلموں، ٹی وی ڈراموں، ویڈیو گیمز اور ڈزنی لینڈ میں موجود مکی ماؤس کے لئے بھی اپنی آواز ریکارڈ کروائی تھی۔
مکی ماؤس کے کردار میں اپنی آواز کے جادو سے حقیقت کا رنگ بھرنے والے وین الوائن کی وفات کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ مکی ماؤس کے لئے اب کس فنکار کی آواز کا انتخاب ہوگا۔