1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مونچھ نہیں توکچھ نہیں

17 مئی 2011

دنیا کی سب سے خوبصورت داڑھی مونچھیں جرمنی کے ایلمر وائسر کی ہیں۔ یہ اعلان ناروے میں گزشتہ دنوں داڑھی مونچھوں کی عالمی چیمپئن شپ کے اختتام پر کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/11HwI
ایلمر وائسر

داڑھی میں قطبی ہرن، مونچھوں میں ناروے کا پرچم ۔ جی ہاں اگر یہ تمام نقش و نگار آپ کی داڑھی اور مونچھوں میں ہوں تو آپ کو عالمی چیمپئن بننے سے کون روک سکتا ہے۔

دنیا کی خوبصورت ترین داڑھی اور مونچھوں کا خطاب حاصل کرنے والے ایلمر وائسر کا تعلق جرمنی کے علاقے بلیک فارسٹ سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک نائی ہیں۔ ان کی داڑھی کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے اور ایک خاص انداز میں اوپر کی طرف مڑ رہی ہے، جس سے ایک قطبی ہرن بن رہا ہے۔ اسی طرح بڑی بڑی مونچھیں بھی اپنے کونوں سے اوپر کی جانب مڑتے ہوئے ناروے کا پرچم بنا رہی ہیں۔

Elmar Weisser Bartträger
2005ء میں وائسر نے اپنی داڑھی میں برلن کا مشہور زمانہ برینڈن برگ گیٹ بنایا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/dpaweb

ناروے میں ایلمر وائسر کے ساتھ ان کی بہن بھی موجود تھیں۔ وہ داڑھی مونچھوں کی ایک ڈیزائنر کے طور ساتھ گئی تھیں۔ فائنل سے قبل انہیں وائسر کی داڑھی پر بارہ سنگھے کی طرح کا ’ قطبی ہرن‘ اور ناروے کا جھنڈا بنانے میں کئی گھنٹے لگے۔ بہن کی محنت رنگ لائی اور بھائی تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔ تیسری مرتبہ عالمی چپمپئن بننے پر 47 سالہ وائسر کا کہنا تھا ’’اگر میری داڑھی کو ترتیب یا شکل نہ دی جائے تو اس کے بالوں کی لمبائی پیٹ تک ہے‘‘۔

اس سے قبل 2005ء میں وائسر نے اپنی داڑھی میں برلن کا مشہور زمانہ برینڈن برگ گیٹ بنایا تھا۔ اسی طرح 2007ء کے مقابلوں میں انہیں داڑھی میں لندن کا ٹاور بر ج بنانے کی وجہ سے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ ناروے کے شہر ٹرونڈم ہائم میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں 15 ممالک سے 160داڑھی مونچھوں والے افراد شریک ہوئے تھے۔

اس مرتبہ صرف امریکہ سے ہی 70 افراد اس مقابلے میں شریک تھے۔ 1990ء سے ہر دوسرے سال داڑھی اور مونچھوں کی عالمی چیمپئن شپ منعقد کرائی جاتی ہے۔ اگلی مرتبہ یہ مقابلہ امریکہ میں منقعد ہوگا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں