ممبئی حملہ آوروں کو پاکستانی ایجنسیوں کی حمایت حاصل تھی: من موہن سنگھ
6 جنوری 2009بھارتی ریاستوں کے وُزرائے اعلیٰ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ جس مہارت سے یہ دہشت پسندانہ حملے کئے گئے، اُسے دیکھتے ہوئے یہی لگتا ہے کہ حملہ آوروں کو اسلام آباد کی سرکاری ایجنسیوں کی تائید و حمایت حاصل تھی۔
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا:’’یہ بات بالکل واضح ہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ممبئی میں دہشت پسندانہ حملے پاکستان میں قائم تنظیم لشکرِ طیبہ نے کئے۔ اب تک کی جانے والی تحقیقات کی بنیاد پر، جس میں اُن غیر ممالک کی ایجنسیاں بھی شامل ہیں، جن کے شہری اِن حملوں میں مارے گئے، اِس بات کے کافی شواہد ہیں کہ جس فوجی مہارت اور صفائی سے یہ حملہ کیا گیا، اِسے پاکستان کی سرکاری ایجنسیوں کی ضرور مدد حاصل ہوگی۔‘‘
پاکستان نے تاہم اِن الزامات کو غیر ذمہ دارانہ اور منفی پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ اِس طرزِ عمل سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے بلکہ ممبئی حملوں کے ذمہ دار عناصر تک پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہو سکتے ہیں۔