معذور کوہ پیما کا حوصلہ، پہاڑ سے بلند
23 مئی 2011رومانیہ میں پیدا ہونے والے ہنگری کے 43 سالہ شہری سولٹ ایروس (Zsolt Eross) نے 2002ء میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے روز انہوں نے اپنی ایک ٹانگ مصنوعی ہونے کے باوجود دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی لہوٹسے سر کر لی۔
لہوٹسے (Lhotse) دنیا کا چوتھا سب سے اونچا پہاڑ ہے۔ اس کی بلندی 8516 میٹر یا 27939 فٹ ہے۔ یہ نیپال اور چین کے درمیان ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں ماؤنٹ ایورسٹ کے بالکل قریب ہی واقع ہے۔
بوڈاپسٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق واپسی کے لیے سولٹ ایروس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 7900 میٹر کی بلندی پر واقع کمیپ نمبر چار میں اتوار کی شام ہی کو پہنچ چکے تھے اور پیر کے روز وہ کمیپ نمبر تین پر آ جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ٹھیک ہیں لیکن بہت تھکے ہوئے ہیں۔
ایروس کی ٹیم کی طرف سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں ایروس کہتے ہیں، ’’مصنوعی ٹانگ کے ساتھ چڑھائی کرتے ہوئے مجھے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہر تھوڑی دیر بعد اپنی مصنوئی دائیں ٹانگ کو ایڈجسٹ کرنا پڑتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سفر کے آغاز کے دوسرے روز طوفان کی وجہ سے انہیں شدید مشکل پیش آئی۔
ایروس 2010ء میں سلوواکیہ میں کوہ پیمائی کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے اور اس حادثے میں ان کی دائیں ٹانگ ضائع ہو گئی تھی۔ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 14 پہاڑ ایسے ہیں، جن کی بلندی 8000 میٹر سے زیادہ ہے۔ ایروس ان پہاڑوں میں سے نو کو سر کر چکے ہیں، جن میں نانگا پربت بھی شامل ہے۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: مقبول ملک