1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشکل اقتصادی حالات میں سعودی عرب کی پاکستان کے لیے امداد

13 جنوری 2019

پاکستان کا اتحادی ملک سعودی عرب گوادر کی بندرگاہ پر دس بلين ڈالر ماليت کی ايک آئل ريفائنری تعمير کرنا چاہتا ہے۔ اس ممکنہ سرمايہ کاری سے سعودی عرب بھی سی پيک کا ايک پارٹنر ملک بن جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3BUGw
Projekt Wirtschaftskorridor Pakistan-China
تصویر: picture-alliance/dpa/C. F. Röhrs

رياض حکومت پاکستان ميں دس بلين ڈالر ماليت کی ایک آئل ريفائنری تعمير کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ يہ بات سعودی وزير برائے توانائی خالد الفليح نے گوادر ميں ہفتے کے روز بتائی۔ انہوں نے کہا، ’’سعودی عرب چاہتا ہے کہ پاک چين اقتصادی راہ داری ميں پارٹنرشپ کی صورت ميں اور ايک آئل ريفائنری کے قيام سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو مستحکم بنايا جائے۔‘‘ خالد الفليح نے مزيد کہا کہ اس بارے ميں حتمی سمجھوتے پر دستخط کرنے کے ليے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری ميں پاکستان آئيں گے۔

پاکستان کو ان دنوں مالياتی خسارے کا سامنا ہے، جس کی ايک وجہ بڑھتی ہوئی تيل کی قيمتيں بھی ہیں۔ ايسے ميں اسلام آباد حکومت کی کوشش ہے کہ ملک ميں سرمايہ کاری بڑھائی جائے۔ پچھلے سال سعودی عرب نے پاکستان کو چھ بلين ڈالر کے پيکج کی پيشکش کی تھی، جس ميں خام تيل کے حصول کے ليے رقوم بھی شامل تھيں۔

اس بارے ميں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی وزير برائے پٹروليم مصنوعات غلام سرور خان نے کہا، ’’گوادر ميں آئل ريفائنری کے قيام سے سعودی عرب سی پيک ميں ايک اہم پارٹنر بن جائے گا۔‘‘

پاک چين اقتصادی راہ داری منصوبے يا سی پيک کے ليے چين ساٹھ بلين ڈالر کی سرمايہ کاری کا اعلان کر چکا ہے۔ منصوبے کے تحت پاور اسٹيشنز، شاہراہوں، ريلوے لائنوں اور بندر گاہوں کا قيام عمل ميں آئے گا۔ اس منصوبے کے ذريعے پاکستان کے راستے مغربی چين کا دروازہ دنيا کے ليے کھل جائے گا۔

سعودی نيوز ايجنسی ايس پی اے کے مطابق وزير برائے توانائی الفليح نے گوادر ميں پاکستانی وزير برائے پيٹروليم مصنوعات غلام سرور خان کے علاوہ وزير برائے بحری امور علی زيدی سے بھی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات ميں ريفائننگ، پيٹرو کيميکلز، کان کنی اور قابل تجديد توانائی کے سيکٹرز ميں سرمايہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ ليا گيا۔

گوادر ایکسپو میں دنیا بھر سے 500 مندوبین کی شرکت

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں