1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مجھے برطرف نہیں کیا گیا، بلکہ میں نے استعفٰی دیا ہے: امراللہ صالح

8 جون 2010

افغانستان کے خفیہ ادارے کے سابق سربراہ امراللہ صالح نے کہا ہے کہ وہ صدر کرزئی کے اُس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ تھے، جس کے تحت افغان حکومت طالبان سے مذاکرات چاہتی ہے، اس لئے انہوں نے اپنے عہدے سے استفٰعی دیا۔

https://p.dw.com/p/NkoA
تصویر: AP

پیر کو کابل میں اپنی رہائش گاہ پر دئے گئے ایک انٹرویو میں امراللہ صالح نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ انہیں اِس اہم عہدے سے جبری طور پر ہٹایا گیا ہے۔ امراللہ صالح کا کہنا تھا اُن کے استعفٰی دینے کی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ یہ تھی کہ صدر حامد کرزئی نے حراست میں لئے جانے والے طالبان قیدیوں کے معاملے پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اِس کے علاوہ کئی اور دوسری وجوہات کی بناء پر بھی وہ کافی عرصے سے استعفٰی دینے کا سوچ رہے تھے لیکن افغان امن جرگے پر حملہ اور نظرثانی والا معاملہ ان کے فوری استعفے کی وجہ بنا۔

چھ سال تک افغان خفیہ ادارے کے سربراہ رہنے والے اور افغانستان کی تاجک برادری سے تعلق رکھنے والے امراللہ صالح کا کہنا تھا کہ کرزئی گزشتے ہفتے کابل میں ہونے والے امن جرگے سے پہلے ہی اپنے سلامتی کے اداروں پر اعتماد کھو چکے تھے۔

Anschläge Friedens-Dschirga in Kabul Afghanistan Flash-Galerie
افغان امن جرگے پر طالبان حملے کے بعد صدرکرزئی سیخ پا ہوگئے تھے، جس کے بعد امر اللہ صالح اور وزیرِ داخلہ حنیف اتمر مستعفی ہوگئےتصویر: AP

اس حملے میں دو طالبان حملہ آور مارے گئے تھے جب کہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سولہ سو افغان عمائدین کے اس اجتماع پر حملے نے افغان صدر کو سیخ پا کر دیا تھا، جس کے بعد اُنہوں نے امراللہ صالح اور افغان وزیرِ داخلہ حنیف اتمر سے اس واقعے کی وضاحت طلب کی تھی۔ افغان صدراتی ترجمان کے مطابق جب صدر کرزئی اُن کی وضاحتوں سے مطمئن نظر نہ آئے تو دونوں اہم رہنماؤں نے اُسی وقت استعفٰے دے دئے تھے۔

صدارتی ترجمان کے دعوےکے برعکس امراللہ صالح کا کہنا ہے، صدر کرزئی اُن سے یہ چاہتے تھے کہ وہ سیکیورٹی میں غفلت برتنے کا الزام پولیس اور وزارتِ داخلہ پر ڈال دیں، جو وہ نہیں کر سکتے تھے۔

افغان انٹیلی جینس ادارے کے سابق سربراہ نے الزام لگایا کہ پاکستان کا خفیہ ادارہ آئی ایس آئی افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں ملوث ہے۔ امراللہ صالح نے طالبان جنگجوؤں سے مذاکرات کی سخت مخالف کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملہ آور افغانستان کو تباہی سے دوچار کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نواز عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ افغانستان میں بھارتی مفادات پر حملے کرنے میں ملوث ہے، جس کے بحیثیت خفیہ ادارے کے سربراہ کے ان پاس ٹھوس ثبوت تھے۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: امجد علی