مالم جبہ میں سنو فیسٹیول
دہشت گردی سے متاثرہ سوات کے سیاحتی علاقہ مالم جبہ میں پانچ روزہ سنو فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے۔
سوات میں امن قائم ہو گیا
فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق اس میلے کا مقصد سوات کی سیاحتی صنعت کو دوبارہ اس کے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ ’’فیسٹیول کے کامیاب انعقاد سے ہم دنیا کو یہ پیغام پہنچا رہے ہیں کہ سوات اب ایک پر امن علاقہ ہے اور لوگ بلا خوف و خطر یہاں آسکتے ہیں۔‘‘
سنو فیسٹیول
دہشت گردی سے متاثرہ سوات کے سیاحتی علاقہ مالم جبہ میں پانچ روزہ سنو فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے۔ سنو فیسٹیول کے دوران اسکیئنگ، پیراگلائیڈنگ، ہینگ گلائیڈنگ،ٹوبو گینگ اور ایرو ماڈلنگ جیسی برفانی تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
شائقین کی بڑی تعداد
مالم جبہ میں سنو فیسٹیول 16مارچ تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں شرکت کے لیے ملک بھر سے کثیر تعداد میں آنے والے سیاح بھی مالم جبہ میں موجود ہیں۔
افتتاحی تقریب
سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے 42 کلومیٹر کے فاصلے پر اور سطح سمندر سے 9 ہزار فٹ بلندی پر واقع سیاحتی علاقے مالم جبہ میں پاکستان آرمی، حکومت پنجاب اور حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے مشترکہ طور پر اہتمام کردہ پانچ روزہ سنو فیسٹیول کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کیا۔
کھلیوں کے علاوہ بھی بہت کچھ
سنو فیسٹیول میں صرف مقابلے ہی نہیں بلکہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ محفل موسیقی اور روایتی رقص کے پروگراموں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
واحد اسکیئنگ ریزورٹ
مالم جبہ میں پاکستان کی واحد اسکیئنگ ریزورٹ میں 1980ء سے مقابلے منعقد کرائے جا تے ہیں، جن میں مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر علاقوں کے کھلاڑی بھی شرکت کرتے ہیں۔
پیراگلائڈنگ کا مظاہرہ
اس فیسٹیول کے دوران اسکیئنگ اور پیراگلائیڈنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے وہاں موجود شائقین نے زبردست انداز میں سراہا۔
چیئر لفٹ ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکی
مالم جبہ کے ٹورسٹ ریزورٹ اور چئیر لفٹ کو 2009ء میں طالبان نے بموں سے اُڑا دیا تھا، جس کے بعد عارضی چیئر لفٹ لگائی گئی ہے لیکن ٹورسٹ ریزورٹ ابھی تک دوبارہ تعمیر نہیں کی جا سکی۔ سوات میں طالبان کی طاقت کے خاتمے اور امن کی بحالی کے بعدسے ہر سال مارچ میں سنو فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے۔
باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں
اسکیئنگ کے کھلاڑی ظفر علی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ مالم جبہ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
لاکھوں افراد کی شرکت کی توقع
فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق انہیں امید ہے کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح سوات آئیں گے جس سے علاقے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔