1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیپ ٹاپ کی دنیا میں نئی جدت، نوٹ بک 2

افسر اعوان29 اپریل 2009

جدید نوٹ بک 2 کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ لیپ ٹاپ یا نوٹ بک کی موجودہ مارکیٹ میں ہلچل مچا دے گی۔

https://p.dw.com/p/HgRi
نوٹ بک ٹو سائز میں اتنی چھوٹی ہوگی کہ ایک پرس میں بھی سما جائے گیتصویر: AP

کمپیوٹر اور آئی ٹی ماہرین کا خیال ہے سائز میں نسبتا چھوٹی نوٹ بک ٹو لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کی دنیا میں نئی جدتوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اس چھوٹی نوٹ بک میں جو چیز موجودہ لیپ ٹاپس سے مختلف ہوگی وہ ہے ان میں انٹل کارپوریشن کے پراسیسر اور موجودہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی غیر موجودگی، حالانکہ یہ دونوں چیزیں موجودہ دور کے لیپ ٹاپس کا ضروری حصہ سمجھی جاتی ہیں۔

نوٹ بک ٹو میں جو کہ سائز میں اتنی چھوٹی ہوگی کہ ایک پرس میں بھی سما جائے دراصل بہت ہی کم پاور استعمال کرنے والا ARM پراسیسر لگا ہوگا۔ جو کہ اس وقت جدید موبائل فونز کے ہر دس میں سے نو میں استعمال کیا جارہا ہے۔ برطانیہ کی ARM Holdings نامی کمپنی نے اس سلسلے میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرلئے ہیں۔ اور اب توقع کی جارہی ہے کہ اس برس کے آخر تک ARM پراسیسرز پر مشتمل نوٹ بک ٹو کے تقریبا دس ماڈل مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کردیے جائیں گے۔

کمپیوٹرز اور ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق کرنے والی کمپنی اینڈرلے کے گروپ اینالسٹ راب اینڈرلے کے مطابق یہ نئی نوٹ بکس مارکیٹ کو تہہ وبالا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اور موجودہ لیپ ٹاپ کی مقبولیت کے لئے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

Deutschland Messe CeBIT 2008 in Hannover Notebook
نئی نوٹ بکس مارکیٹ کو تہہ وبالا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

تجزیہ کاروں کے مطابق ابھی تک یہ تو یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ موجودہ لیپ ٹاپ یوزر اس نوٹ بک میں کس قدر دلچسپی لیتے ہیں مگر جو چیزیں نوٹ بک ٹو کو پرکشش بناتی ہیں ان میں بہت کم پاور کا استعمال جس کی وجہ سے ایک مرتبہ چارج کی گئی بیٹری سے بہت دیر تک اس نوٹ بک کو استعمال کیا جاسکے گا۔ دوسرے اسکی قیمت جو کہ تقریبا دو سو امریکی ڈالر تک ہوسکتی ہے اور تیسرے اسکے سائز کی وجہ سے ہرجگہ استعمال کی دستیابی کی سہولت۔

لیکن جن چیزوں پر یوزرز کو سمجھوتا کرنا پڑے گا ان سے سی پہلی چیز ہے موجودہ لیپ ٹاپس کا انٹرفیس یا کام کرنے کا طریقہ اور دوسری بہت زیادہ طاقتور پراسیسر جو بعض اپلیکشنز یا کاموں کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اس وقت بھی جو انٹل کا Atom پراسیسر استعمال کرنے والی نسبتا چھوٹی نوٹ بکس مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور جن کی قیمت تین سو سے چار سو امریکی ڈالر تک ہے وہ بھی صرف انٹرنیٹ اور عام قسم کے کمپیوٹر اپلیکیشنز کے لئے ہی استعمال کی جاسکتی ہے۔