لاہور آپریشن مکمل، سیکیورٹی فورسز نےٹریننگ سینٹر کا کنٹرول سنبھال لیا
30 مارچ 2009تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لئے فوج کی مدد بھی لی گئی۔ کمانڈوز نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے پولیس ٹریننگ سینٹر کا کنٹرول پوری طرح سنبھال لیا ہے۔ پنجاب پولیس کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو مین دعویٰ کیا ہے کہ اس آپریشن میں ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور کے نواحی علاقے میں پولیس ٹریننگ اسکول مناواں پر آج علی الصبح دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹر میں داخلے کے وقت ہی حملہ آوروں نے دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ شروع کردی تھی جبکہ اب بھی حملہ آور ٹریننگ سینٹر میں مورچہ بند ہوکر وقفے وقفے سے فائرنگ کرتے رہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس، رینجرز اورایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے علاوہ فوجی کمانڈوزنے سینٹر کو گھیرے میں لے لیا اور آپریشن کے دوران آس پاس کے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جس کے بعد بکتر بند گاڑیاں ٹریننگ سینٹر میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس آپریشن میں فوجی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے۔
اس سے قبل پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ سینٹر میں دس سے بارہ حملہ آور اب بھی موجود ہوسکتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آورپولیس کی وردیوں میں ملبوس ہیں جس کی وجہ سے کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
واضح رہے کہ اس ٹریننگ سینٹر میں ساڑھے آٹھ سو کے قریب پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔ اس واقعے کے بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔