1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال: جرمنی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، چینی نائب وزیر اعظم

مقبول ملک
26 نومبر 2016

چین اور جرمنی کے درمیان فٹ بال کے شعبے میں تعاون کے پانچ سالہ معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔ جرمنی کا دورہ کرنے والے چینی نائب وزیر اعظم لِیُو یان ڈونگ کے مطابق چین جرمنی سے کئی حوالوں سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2TIR8
FC Bayern München in China
چین میں بنڈس لیگا کی صرف ایک ٹیم بائرن میونخ کے شائقین کی تعداد بھی لاکھوں میں بنتی ہےتصویر: picture alliance/ZUMA Press

جرمن شہر کولون سے ہفتہ چھبیس نومبر کو ملنے والی ملکی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ان دنوں جرمنی کا دورہ کرنے والی چینی خاتون نائب وزیر اعظم لِیُو یان ڈونگ نے عالمی چیمپیئن جرمنی کے ساتھ فٹ بال کے شعبے میں تعاون پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

چینی نائب وزیر اعظم نے ہفتے کے روز کولون میں جرمن فٹ بال فیڈریشن (DFB)، جرمن فٹ بال لیگ (DFL) اور چینی فٹ بال ایسوسی ایشن (CFA) کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ فٹ بال کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے معاہدے کے تحت چین متعدد مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے والے جرمنی سے کئی حوالوں سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

اپنے خطاب میں یان ڈونگ نے کہا، ’’فٹ بال ہمارے دونوں ملکوں کے مابین ایک ایسی مشترکہ زبان ہے، جو ایک نئے پل کا کام دے گی۔‘‘ ہفتے کے روز اسی اجلاس کے موقع پر جرمنی میں فٹ بال کی فیڈرل لیگ یا بنڈس لیگا کھیلنے والی کولون کی ٹیم کی طرف سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ وہ جلد ہی چین کا ایک دورہ کرے گی، جہاں وہ لِیاؤنِنگ کی ٹیم کے ساتھ ایک دوستانہ میچ کھیلے گی۔ اس میچ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک چین اس وقت فٹ بال کی دنیا میں اپنا مقام بہتر بنانے کی کوشش میں ہے جبکہ چین کے ساتھ فٹ بال کے شعبے میں تعاون کے پانچ سالہ معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو جانے کے بعد بنڈس لیگا یا فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ کو چین کی مالی اعتبار سے انتہائی پرکشش مارکیٹ تک رسائی بھی حاصل ہو سکے گی۔

Deutschland Hamburg Summit: China meets Europe
چینی نائب وزیر اعظم کی جرمنی کی شہری ریاست ہیمبرگ کے وزیر اعلٰی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/dpa/D. Reinhardt
Berlin Kooperationsvereinbarung Fußball
ڈی ایف بی اور ڈی ایف ایل کے اعلیٰ اہلکار چین کے ساتھ فٹ بال کے شعبے میں تعاون کے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Jensen

اس موقع پر جرمن فٹ بال لیگ کے چیف ایگزیکٹو کرسٹیان زائفرٹ نے کہا، ’’جرمن فٹ بال فیڈریشن اور جرمن فٹ بال لیگ کو امید ہے کہ دو طرفہ معاہدے کے بعد جرمن فٹ بال کے چین میں موجود شائقین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکے گا۔‘‘

چینی اور جرمن حکومتوں کے مابین فٹ بال کے شعبے میں اس پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کل پچیس نومبر جمعے کے روز برلن میں اس وقت کیے گئے تھے، جب چینی خاتون نائب وزیر اعظم لِیُو یان ڈونگ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی تھی۔

جرمنی میں ریکارڈ مرتبہ بنڈس لیگا چیمپیئن شپ جیتنے والی ٹیم بائرن میونخ چینی منڈی تک رسائی کے لیے پہلے ہی کئی اقدامات کر چکی ہے تاہم اب دوطرفہ معاہدے کے بعد دیگر جرمن فٹ بال ٹیمیں بھی چینی منڈی میں اپنے لیے جگہ بنا سکیں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں