1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’عالمی کپ فٹبال کی چکاچوند میں ایشیا کپ نہیں دبے گا‘

12 جون 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے قائد شاہد خان آفریدی کو امید ہے کہ فٹبال کی چکا چوند میں ایشیا کپ کرکٹ کے مقابلے مانند نہیں پڑیں گے اور شائقین اس جانب بھی متوجہ رہیں گے۔

https://p.dw.com/p/NpIi
تصویر: AP

آفریدی نے اپنی اس امید کا اظہار قومی ٹیم کے ساتھ سری لنکا روانگی کے موقع پر کیا۔ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ایشیا کپ کے مقابلوں کا آغاز 15 جون سے ہورہا ہے جبکہ فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا۔ اسی عرصے ہی میں جنوبی افریقہ میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کا میلہ سجا ہوا ہے جس نے ساری دنیا کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔

آفریدی کے بقول فٹبال کے میچ سے 90منٹ کی تفریح حاصل کرنے کے بعد شائقین کرکٹ ضرور دیکھیں گے۔ سٹار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھی بھی فٹبال کے مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے البتہ صرف اس دن جب ان کا اپنا کوئی میچ نہ ہو۔ 13 رکنی پاکستانی ٹیم پہلے دبئی جائے گی اور پھر وہاں سے کولمبو پہنچے گی۔ تیز گیند باز محمد آصف البتہ دوحا کے راستے کولمبو پہنچیں گے کیونکہ ان پر دبئی میں داخلے کی پابندی ہے۔ بھارت سے واپسی پر آصف سے دبئی کے ہوائی اڈے پر جون 2008ء میں منشیات برآمد ہوئی تھی اور انہیں 19 دن حراست میں بھی رکھا گیا تھا۔

Pakistan cricketers Akhtar and Asif
شعیب اختر اور محمد آصف بھی کئی دنوں کے بعد ایکشن میں دکھائی دیں گےتصویر: AP

عبدالرزاق برطانیہ سے کولمبو پہنچیں گے جہاں وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کی تینوں طرز کی قومی ٹیموں یعنی ایک روزہ، پانچ روزہ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے کپتان آفریدی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید لگائے ہوئے ہیں۔ آفریدی کے مطابق تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی اور نوجوانوں کی موجودگی سے اچھا امتزاج پیدا ہوا ہے اور سب کے لئے موقع ہے کہ انفرادی اور مجموعی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ایشیا کپ کے بعد پاکستانی ٹیم جولائی میں انگلستان جاکر آسٹریلیا اور میزبان ملک کے خلاف یکے بعد دیگرے سیریز کھیلے گی۔

ٹیم کو متحد رکھنے کے حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل ملاقاتوں کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ان کے خیال میں ضروری ہے کہ کھلاڑی مل کر کھائیں پئیں اور کھل کر ایک دوسرے سے بات کریں اسی سے یکجہتی کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔

ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ منگل 15 جون کو عالمی وقت کے مطابق صبح نو بجے کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں