1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوبہ سرحد میں دو بم حملے ، تیس سے زائد افراد ہلاک

فرید اللہ خان ، پشاور19 اپریل 2009

صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو کے تحصیل دوآبہ میں سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکہ کے نتیجے میں27 افراد ہلاک جبکہ خیبر ایجنسی میں ایک بم حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/HZiQ
تصویر: AP

پا کستان کے شمال مغربی صوبہ سرحد میں بم حملوں کے دو مختلف واقعات میں کم از کم اکتیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پہلا واقعہ ہنگو میں پیش آیا جب ایک خوود کش بمبار نے صوبائی پولیس کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا ۔ حکام کغ مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سیکورٹی اہلکار ہیں جبکہ ساٹھ سے زائد افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں پولیس تھانہ دوآبہ کے انچارج ایمل خان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایاکہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سیکورٹی چیک پوسٹ سے ٹکرادی جس سے زوردار دھماکہ کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت زمیں بوس ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ٹل کی جانب سے آنے والی گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم ڈرائیور نے گاڑی سیکورٹی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس سے زورداردھماکہ ہوا۔ دریں اثنا اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان پاکستان نے اس خود کش دھماکے کی زمہ داری قبول کی ہے۔

سرحد حکومت کی جانب سے مالا کنڈ ڈویژن میں مقامی طالبان کے مطالبے پر نظام عدل ریگولیشن کے نفاذ کے بعد یہ دوسرا خودکش حملہ ہے۔ اس سے قبل ضلع چارسدہ کے علاقہ ہری چند میں بھی سیکورٹی فورسز کے چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کیاگیا جس میں9 پولیس اہلکاروں سمیت18 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ سرحد حکومت کے ترجمان میاں افتخارحسین کا کہنا ہے کہ ” سرحد حکومت نے امن کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اب سوات اوربونیر سمیت صوبہ بھر کے عوام کو چاہیے کہ وہ وحکومت کا بھرپور ساتھ دے کر امن کے قیام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ میاں افتخارحسین کا کہنا ہے کہ نظام عدل ریگولیشن کے نفاذ کے بعداسلحے کی نمائش نہیں ہونی چاہیے اور اگر اس کے باوجود بھی کوئی اسلحہ اٹھاتا ہے تو وہ دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوگا“۔

ہنگو میں ہونے والا خود کش حملہ سال رواں کا23واں حملہ ہے جس کے دوران تقریبا پچاس سیکورٹی اہلکاروں سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ عدل ریگولیشن کے نفاذ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس پر خودکش حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے ۔

دوسرا واقعہ خیبرایجنسی کے علاقے شکوبرمیں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق علاقے کے لوگ ایک گھر کے پاس کھڑے تھے کہ چانک گھر میں دھماکہ ہوا۔ اس دھماکے سے تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔