شدت پسندوں کے خلاف ایکشن ٹائم: گارڈن براوٴن
14 دسمبر 2008گارڈن براوٴن نے یہ اعلان پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو جدید سکیننگ تکنالوجی کے علاوہ نوے لاکھ ڈالر کی امداد کرے گا تاکہ پاکستان کو شدت پسندی کی وجوہات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے۔گارڈن براوٴن نے مزید کہا کہ تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ برطانیہ میں جتنے حملوں کی منصوبہ بندی ہوئی تھی اُن میں سے تین چوتھائی کے منصوبے پاکستان میں موجود القاعدہ نے بنائے تھے۔
اس سے قبل بھارت کے مختصر دورے پر ممبئی حملوں کے تعلق سے بھی گارڈن براوٴن نے بھارتی موقف کی حمایت کی۔ براوٴن نے کہا کہ اب وقت آگیا ہےکہ پاکستان شدت پسندوں کے خلاف عملی اقدامات اُٹھائے۔ ’’ممبئی حملوں نے پوری دنیا کو بھارت کی حمایت میں اکھٹا کردیا ہے۔ ہمیں معلوم ہےکہ جو گروپ حملوں کے لئے ذمہ دار ہے، وہ لشکر طیبہ ہی ہے، اور انہیں یعنی پاکستان کو بہت حد تک جواب دینا ہوگا۔‘‘
برطانوی وزیر اعظم نے کہا پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اُن کی خواہش ہے کہ دہشت گردی کے خلاف وہ سب کچھ کریں جو اُن کے بس میں ہے، اور اس سلسلے میں وہ بھارت کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی تیار ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے پر کہا کہ اگر پاکستان بھارت کے ساتھ باہمی رشتے مضبوط کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لئے استعمال ہونے سے پرہیزکرنا ہوگا۔ سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو ہر وقت بھارت پر حملہ کرنے کے لئے تیار بیٹھے رہتے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خواب اور خواہش کے باوجود پاکستان کے ساتھ تعلقات تب تک بہتر نہیں ہوں گے جب تک پاکستان شدت پسندوں پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات نہیں اُٹھاتا۔