1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلفی نے ایک اور جان لے لی

افسر اعوان1 فروری 2016

ایک بھارتی نوجوان ایک ٹرین کے سامنے سیلفی بناتے ہوئے اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا ہے۔ سیلفی بناتے ہوئے موت کے منہ میں چلے جانے کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hmpy
تصویر: Tasnim

بھارتی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار 31 جنوری کی شام ملک کے شمالی شہر چنئی میں پیش آیا۔ اپنے دوستوں کے ساتھ گھر واپس آتے ہوئے یہ نوجوان ٹرین کے سامنے اپنی تصویر لینے کے لیے ریلوے ٹریک پر موجود تھا کہ تیز رفتار مسافر ٹرین کی زد میں آ گیا۔

چنئی کے مضافاتی علاقے تمبارام سے تعلق رکھنے والے بھارتی ریلوے پولیس کے ایک افسر ایس راموتھائی نے خبر رساں اے ایف پی کو بتایا، ’’یہ پاگل پن کے باعث پیش آنے والا حادثہ تھا۔ اب زیادہ سے زیادہ نوجوان سیلفیاں لینے کے نشے میں مبتلا ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قریب 16 سال کی عمر کے اس نوجوان نے پورا دن اپنے دوستوں کے ساتھ چڑیا گھر کی سیر میں گزارا تھا۔ واپسی کے راستے میں یہ نوجوان آتی ہوئی ٹرین کے سامنے ٹریک پر چل رہا تھا تاکہ جب ٹرین کچھ اور قریب پہنچ جائے تو وہ اُس کے ساتھ اپنی تصویر یعنی سیلفی لے سکے۔

چند ہفتے قبل ہی بھارت کے مغربی ساحلی شہر ممبئی میں ایک لڑکی اپنی تصویر لیتے ہوئے سمندر میں گِر گئی تھی۔ یہ لڑکی تو بچ گئی مگر اسے بچانے کی کوشش کرنے والا ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہو گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے پولیس نے خطرناک سلیفیاں لینے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔

ںوجوانوں میں خطرناک سیلفیاں لینے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے
ںوجوانوں میں خطرناک سیلفیاں لینے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہےتصویر: FARS

پولیس نے ممبئی میں ساحل سمندر پر 16 ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے، جو سیلفی لینے کے حوالے سے خطرناک ہیں۔ پولیس کی طرف سے مقامی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ ان مقامات پر وارننگ کے نشانات لگائے اور وہاں لائف گارڈز کو تعینات کیا جائے۔

گزشتہ برس مئی میں ایک روسی خاتون اس وقت گولی لگنے سے ہلاک ہو گئی تھی جب وہ ہتھیار کے ساتھ سیلفی بنا رہی تھی اور حادثاتی طور پر گولی چل گئی۔ قبل ازیں امریکی تحقیقاتی افسران کی طرف سے گزشتہ برس فروری میں بتایا گیا تھا کہ ایک چھوٹے جہاز کا پائلٹ دوران پرواز مسلسل اپنی سیلفیاں بنا رہا تھا، جس کی وجہ سے جہاز گِر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں پائلٹ اور جہاز میں سوار اس کا ساتھی دونوں ہلاک ہو گئے تھے۔