سیاست سے فوج کا خاتمہ کر دیا جائے گا
27 فروری 2008تینوں اتحادی جماعتوں نے دارلحکومت اسلام آباد میں ایک مشترکہ میٹنگ کے بعد یہ اعلان بھی کیا ہے کہ سیاست سے فوج کا کردار ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ کے راہنما نواز شریف نے صحافیوں سے کہا ہے کہ صدر پرویزمشرف کو بتا دو کہ ہم نے قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے اور چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی نتایج کے با ضابطہ نوٹیفیکشن کے بعد ہم ایک دن بھی انتظار نہیں کریں گے اور قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے دن ہی بلوانا ہو گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ بے نظیر بھٹو کا قتل رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کی خواہشات کے مطابق ملک میں جمہوریت اور امن کے قیام کو ممکن بنائیں گے ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے راہنماء اسفندیار ولی نے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعدکہا کہ ملک کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے بہت محتاط رویہ اختیار کرنا ہو گا ۔
اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ مصلحت اور بے غیرتی میں بہت معمولی سا فرق ہے اس لئے ہمیں محتاط رہنا ہو گا کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جسے میں مصلحت کہوں وہ عوام کے لئے بے غیرتی ہو۔ اس لئے مصلحت ضرور لیکن بے غیرتی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔