سٹے بازوں کا پاکستانی کرکٹرز سے رابطہ نہیں ہوا، لورگٹ
10 اگست 2009انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے تمام چھان بین کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دورہ سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرزسے بھارتی سٹے بازوں کا کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ہر ایونٹ میں اینٹی کرپشن کا یونٹ موجود ہوتا ہے اوراس طرح کے کسی بھی اقدام کی روک تھام کے لئے اپنا کرداربخوبی ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹے بازوں کے کھلاڑیوں سے رابطوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تاہم اس کے لئے متعلقہ بورڈز اورآئی سی سی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دورہ سری لنکا میں کولمبو کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم ٹھہری وہیں بھارتی سٹے بازوں نے بھی قیام کیا۔ ان اطلاعات پر پاکستانی بورڈ نے آئی سی سی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے عبدالقادر کے خلاف غلط الزامات عائد کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا تھا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ایسے شواہد یا ثبوت نہیں ملے جن سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہو۔ ان کا کہنا تھا، ’’آئی سی سی اور اس کے ممبرز بدعنوانی کے معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تاکہ ہمارے کھیل کی تکریم کسی صورت متاثر نہ ہو۔ سپرٹ اس کھیل کا اہم ترین اثاثہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی ایسی ہر شکایت پر موثر تحقیقات کرتی ہے۔‘‘
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : افسراعوان