1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہء نیوزی لینڈ پر پابندی ختم

12 جون 2011

نیوزی لینڈ کی حکومت نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اس نے افریقی ملک زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Z5Z
بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہء زمبابوے کے دوران ایک ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کے کھلاڑی ایک مہمان بیٹسمین کے رن آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: AP

ویلنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فی الحال زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے ایک دورے کی منظوری دے دی گئی ہے اور عملی طور پر اس افریقی ملک سے آنے والی کھلاڑیوں کی ٹیموں پر عائد عمومی پابندی مستقبل میں استثنائی طور پر ختم کر دی جائے گی۔

Cricket WM 2011 Neuseeland Kenia
بھارت میں ورلڈ کپ 2011 کے کینیا کے خلاف ایک میچ میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلّم کے آؤٹ ہونے کا منظرتصویر: dapd

زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کا اگلے سال نیوزی لینڈ کا ایک دورہ پہلے سے طے ہے، جو گیارہ سال بعد پہلا موقع ہو گا کہ زمبابوے کی ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ مرے میکلّی کے بقول حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کے اس دورے کی راہ میں کوئی رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔

زمبابوے کی ٹیم کے دوروں پر پابندی کئی سال پہلے اس لیے لگائی گئی تھی کہ اس اقدام کے ذریعے اس افریقی ریاست میں طویل عرصے سے بر سر اقتدار صدر رابرٹ موگابے کی حکومت کی طرف سے وہاں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی عملی طور پر مخالفت کی جا سکے۔

مرے میکلّی کے مطابق اگلے سال نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل زمبابوے کے کھلاڑیوں اور ٹیم کے ساتھ آنے والی انتظامیہ کو ویزوں کے اجراء کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ تب تک زمبابوے کی موجودہ صورت حال میں کوئی قابل ذکر ابتری دیکھنے میں نہ آئے۔

زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے کا آخری پروگرام سن 2005 میں بنایا گیا تھا مگر تب یہ دورہ اس لیے منسوخ کرنا پڑ گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے زمبابوے کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں