زمبابوے میں شراکت اقتدار کا معاہدہ ’ناکام‘
18 اکتوبر 2008چوانگیرائی نے نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا سخت افسوس ہے کہ چار روز تک جاری انتہائی قسم کی گفت وشنید کے باوجود صدر موگابے کے ساتھ شراکت اقتدار کا معاہدہ ناکام ہوگیا کیونکہ کابینہ کے ڈھانچے اور اہم وزارتوں کی تقسیم کے حوالے سے تضاد برقرار رہا۔
اپوزیشن رہنما نے مزاکرات میں تعطل کا اعلان کرتے ہوئے افریقی یونین اور جنوبی افریقی ڈیولپمنٹ کمیونیٹی سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔
موٴومنٹ فار ڈیموکریٹک چینج یا تحریک برائے جمہوری تبدیلی کے رہنما، مارگن چوانگیرائی نے کہا کہ وہ اب بھی معاہدے کے لئے سنجیدہ ہیں تاہم اس کی کامیابی کا دارومدار رابرٹ موگابے پر ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ موگابے اور چوانگیرائی پہلے سے طے پائے جانے والے شراکت اقتدار کے معاہدے کو کامیاب بنائیں گے۔
زمبابوے کو اس وقت شدید سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ملک میں افراط زر کی شرح میں حیران کن اضافہ ہونے کے باعث عام لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔