1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوبارہ کبھی تھیئٹر میں کام نہیں کروں گا، برونو گنس

27 ستمبر 2010

آڈولف ہٹلر کی زندگی کے آخری برسوں پر بننے والی کامیاب فلم Der Untergang میں اس نازی رہنما کا کردار ادا کرنے والے معروف سوئس اداکار برونو گنس نے کہا ہے کہ وہ دوبارہ کبھی تھیئٹر میں کام نہیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/PNDr
برونوگنس فلم ’زوال‘ میں ہٹلر کر روپ میںتصویر: 2004 Constantin Film, München

مارچ 1941ء میں زیورخ میں پیدا ہونے والے سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی سطح پر انتہائی مشہور یہ اداکار آج تک کئی فلموں میں بہت متاثر کن اداکاری کر چکے ہیں اور انہیں اب تک کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔

اس وقت 69 برس کی عمر کے اس اداکار نے اپنی جس آخری فلم میں بڑی کامیابی سے اپنا کردار نبھایا تھا، وہ 2004ء میں بننے والی بیرنڈ آئشنگر نامی فلم ساز کی تخلیق Der Untergang یا ’’زوال‘‘ تھی، جس میں Bruno Ganz نے نازی جرمن رہنما ہٹلر کا کردار ادا کیا تھا۔

برونوگنس کی ایک کریکٹرایکٹرکےطور پر صلاحیتوں اورخدمات کو پوری دنیا میں سراہا جاتا ہے اور آڈولف ہٹلر کی زندگی کے آخری دنوں پر بننے والی فلم میں بھی انہوں نے جس طرح یہ مرکزی کردار نبھایا تھا، اس پر ان کی فلمی دنیا کے تقریباﹰ سبھی بڑے ناقدین نے جی بھرکے تعریف کی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ برونو گنس نے ایک اداکار کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز تھیئٹر سے کیا تھا لیکن اب وہ تھیئٹر سے اس قدر بیزار ہو چکے ہیں کہ تھیئٹر کی دنیا سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتے۔

ماضی میں جرمن تھیئٹر کی دنیا کے پیٹر زاڈیک، پیٹر شٹائن، کلاؤس پائیمن اور کلاؤس مشائیل گروبر جیسے بڑے بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کر چکنے والے برونو گنس نے اتوار کے روز جرمن دارالحکومت برلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ کبھی تھیئٹر میں کام نہیں کریں گے۔

Bruno Ganz
سوئس اداکار برونو گنس اداکاری میں کمال رکھتے ہیں

زیورخ کی میوزک اور تھیئٹر یونیورسٹی کے فارغ التحصیل برونو گنس اپنی جوانی میں جزوقتی ملازمت کے طور پر کتابیں بھی فروخت کرتے رہے ہیں۔ برلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن زبان بولنے والے ملکوں کی مشہور ترین فلمی شخصیات میں شمار ہونے والے اس سوئس اداکار نے کہا: ’’جرمنی میں نوجوان آج کل جو تھیئٹر پیش کرتے ہیں، وہ مجھے بالکل پسند نہیں ہے۔ یہ اس بارے میں میری حتمی رائے ہے۔‘‘

برونو گنس کے بقول وہ خوش اور مطمئن ہیں کہ وہ تھیئٹر میں کام کرنے پر مجبور نہیں ہیں۔ اس لئے کہ وہ فلموں میں کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن تھیئٹر میں کام کرنے والی شخصیات کو بھی شاید اگر موقع ملے تو وہ بھی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گی۔ ’’لیکن انہیں اس کا موقع نہیں مل رہا۔ میں بہرحال دوبارہ تھیئٹر کا رخ نہیں کروں گا۔‘‘

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں