دنیا کی دوسری بڑی ائیرلائن کی پانچ ہزار فلائٹس متاثر
8 اگست 2016ڈیلٹا ائیر لائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے نیٹ ورک کی بندش کے باعث دنیا بھر میں اس کمپنی کی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، وہ جہاز جنہوں نےپرواز کرنا تھا اب وہ تاخیر سے پرواز کریں گے۔ اس امریکی کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے مسافر ائیر پورٹ جانے سے قبل اپنی پروازوں کے بارے میں تفصیلات آن لائن چیک کر لیں۔ ڈیلٹا ائیر لائنز نے اب تک نظام کے درست ہونے اور پروازوں کے دوبارہ آغاز کے ممکنہ وقت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
ڈیلٹا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نظام میں پائی جانے والی اس خرابی کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جلد ہی اس کا حل تلاش کر لیا جائے گا۔
ڈیلٹا ائیر لائز کی پانچ ہزار فلائٹس روزانہ پرواز کرتی ہیں اور یہ کمپنی سکائی ٹیم الائنس کی رکن بھی ہے۔ کئی مسافر ائیرپورٹس پر پھنس جانے کی شکایات کر رہے ہیں۔ جب کے کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ ان کو بورڈنگ کے بعد جہازوں سے واپس اتارا گیا ہے۔ ڈیلٹا نے اپنے مسافروں سے ان کو پیش آنی والی مشکلات کے لیے معذرت طلب کی ہے۔