1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے والدین کے لیے خوشخبری

18 دسمبر 2011

امریکی حکام نے دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے لیے ایک ایسے طبی آلے کے استعمال کی منظوری دے دی ہے، جس کی مدد سے ٹرانس پلانٹ کے منتظر بچوں کو وقتی طور زندہ رہنے میں مدد دی جا سکے گی۔

https://p.dw.com/p/13V55
تصویر: picture-Alliance/dpa

یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے دل کے عارضوں میں مبتلا بچوں کے لیے پہلے میکینکل آلے کے استعمال کی منظوری دیے جانے کو طبی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔ جرمن کمپنی ’برلن ہارٹ‘ کی طرف سے تیار کیا گیا یہ آلہ نومولود بچوں کے دلوں کو بھی مصنوعی طریقے سے چلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

طبی دنیا میں دل کے عارضے میں مبتلا کم عمر کے یا نوزائیدہ بچوں کے لیے ایسے آلات بہت ہی کم ہیں، جو انتہائی مہنگے بھی ہیں۔ تاہم جرمن کمپنی کی طرف سے تیار کیا گیا یہ آلہ ایسے والدین کے لیے ایک نوید سے کم نہیں ہے، جن کے بچے دل کے مرض میں مبتلا ہیں۔

Flash-Galerie Leibniz Galerie
یہ نیا آلہ دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے والدین کے لیے خوشخبری سے کم نہیں ہےتصویر: picture alliance/ZB

امریکی طبی ماہرین کی طرف سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال ٹرانس پلانٹ کے منتظر سترہ فیصد بچے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ امریکہ میں کیے گئے ایک ٹیسٹ کے مطابق یہ نیا آلہ دیگر پرانے ایسے آلات سے بہتر ہے، جو بچوں کے دل کو مصنوعی طریقے سے چلانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

امریکی طبی ماہرین نے اس نئے آلے کو اڑتالیس مریضوں پر آزمایا۔ اس ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق انہوں نے نوٹ کیا کہ یہ نیا آلہ دیگر آلات کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ایف ڈی اے کے تعاون سے کیے گئے اس ٹیسٹ پر ایک اعشاریہ دو ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں