1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دل جوان ہونا چاہیے، 72 سالہ گلوکارہ شرلی بیسی کنسرٹ میں

4 نومبر 2009

بہتر سالہ برطانوی گلوکارہ شَرلی بَیسی نے حال ہی میں برطانوی دارالحکومت لندن میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور کنسرٹ کے آغاز میں ہی جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’’ڈائمنڈز آر فَور اَیور‘‘ کا ٹائیٹل گیت گا کر شائقین کے دل موہ لئے۔

https://p.dw.com/p/KJab
گلوکارہ شرلی بیسیتصویر: AP

لندن کے راؤنڈ ہاؤس میں اُن کے اِس ہاؤس فُل کنسرٹ کو دیکھنے اور سننے کے لئے تین ہزار پُرجوش شائقین موجود تھے۔ شَرلی بَیسی نے جب یہ کہا کہ وہ اپنے کچھ پرانے گیت گائیں گی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ جب اُنہوں نے یہ کہا کہ وہ کچھ نئے گیت بھی پیش کریں گی تو بھی اِس گونج میں محض تھوڑی سی ہی کمی ہوئی۔

Kalenderblatt Shirley Bassey Die britische Sängerin Shirley Bassey im Jahr 1969.
شرلی 1969ء کی ایک تصویر میںتصویر: dpa

زور دار اور خوبصورت آواز کی حامل شَیرلی بَیسی’’ڈائمنڈز آر فار اَیور‘‘ کے علاوہ وہ جیمبز بانڈ سیریز کی دو مزید فلموں ’’گولڈ فِنگر‘‘ اور ’’مُون ریکر‘‘ کے ٹائیٹل گیت بھی گا چکی ہیں۔ اُن کے ہِٹ گیتوں میں ’’بِگ سپینڈر‘‘ اور ’’آئی ایم واٹ آئی ایم‘‘ بھی شامل ہیں۔ وہ برطانیہ کی کامیاب ترین گلوکارہ تصور کی جاتی ہیں۔

Sean Connery als James Bond
شرلی بیسی نے 1964ء میں جیمز بانڈ سیریز کی فلم گولڈ فنگر کا بھی ٹائیٹل گیت گایا تھا، جس میں شان کونری نے بانڈ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اکتوبر کے اواخر میں منعقد ہونے والے اِس کنسرٹ کی دو بڑی وجوہات تھیں: ایک تو یہ کہ اسٹیج پر اِس فنکارہ کو اپنے فن کا مظاہرہ کرتے پچاس سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ٹھیک نصف صدی پہلے اُن کا پہلا گیت ہِٹ ہوا تھا۔ دوسری وجہ اُن کا تازہ ترین اسٹوڈیو البم ’’دا پرفارمَینس‘‘ ہے، جو نومبر کے اوائل میں بازار میں آ رہا ہے۔ بیس برسوں کے طویل وقفے کے بعد یہ اُن کا پہلا اسٹوڈیو البم ہے۔

آٹھ جنوری سن 1937ء کو ویلز کے شہر کارڈِف میں ایک انگریز خاتون کے ہاں جنم لینے والی اِس فنکارہ کے اب تک تقریباً 135 ملین ریکارڈز فروخت ہو چکے ہیں۔ وہ ابھی دو سال کی تھیں، جب اُن کا والد، جس کا تعلق نائیجیریا سے تھا، اُنہیں اور اُن کی والدہ کو چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ شرلی بیسی کی ذاتی زندگی اور بھی کئی المناک واقعات سے عبارت ہے۔ 1999ء میں اُنہیں ملکہ کی جانب سے ’’ڈیم آف دا آرڈر آف دا برٹش ایمپائر‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: شادی خان